अन्य

ریزیڈنٹ ڈاکٹرس ایسوسی ایشن احاطہ کا افتتاح

علی گڑھ، 19/اگست: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے ”ریزیڈنٹ ڈاکٹرس ایسوسی ایشن (آرڈی اے) احاطہ“ کا وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ افتتاح کیا۔ اس کے ساتھ ہی وائس چانسلر نے شعبہئ اقتصادیات کے ایک نوتعمیر شدہ جدید لیب اور بی بی فاطمہ ہال کے پرووسٹ دفتر کا بھی افتتاح کیا۔
نو تزئین شدہ آرڈی اے احاطہ کا افتتاح کرتے ہوئے پروفیسر طارق منصور نے کہاکہ یہاں ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کو بہتر اور جدید سہولیات میسر ہوں گی۔ انھوں نے کہا کہ کووِڈ-19 کی وبا کے خلاف لڑائی میں ریزیڈنٹ ڈاکٹرس محاذ پر سرگرم ہیں اور اتراکھنڈ، کیرالہ اور جموں و کشمیر کے سیلاب زدہ علاقوں میں انھوں نے متاثرین کی مدد کی اور طبی کیمپ لگائے ہیں۔
وائس چانسلر نے کہاکہ جے این میڈیکل کالج کا وائرولوجی لیب کووِڈ وبا کی ابتدا میں مغربی اترپردیش کا پہلا لیب تھا جہاں کوروناوائرس کے نمونوں کی جانچ ہورہی تھی۔ انھوں نے میڈیکل کالج کے آئسولیشن وارڈ اور پلازما تھیریپی سہولیات کا بھی ذکر کیا۔ پروفیسر منصور نے کہا کہ جے این میڈیکل کالج میں ابھی تک ستّر ہزار سے زائد کووِڈ نمونوں کی جانچ ہوچکی ہے اور جلد ہی اسے بڑھاکر یومیہ 2000 جانچ کیا جائے گا۔
جے این ایم سی کے پرنسپل پروفیسر شاہد علی صدیقی نے کہاکہ آرڈی اے احاطہ میں جدید سہولیات دستیاب ہیں اور یہاں جلد ہی مزید سہولیات کا اضافہ کیا جائے گا۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر حارث ایم خاں نے کہاکہ اس بات کو یقینی بنانا ضروری ہے کہ ریزیڈنٹ ڈاکٹر نہ صرف محفوظ ماحول میں کام کریں بلکہ انھیں بہتر سہولیات بھی مہیا کرائی جائیں۔
پروفیسر امجد علی رضوی، پروفیسر مجاہد بیگ اور ڈاکٹر ضیاء صدیقی نے اس موقع پر آرڈی اے کی تاریخ پر روشنی ڈالی اور ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کی سلامتی اور ڈاکٹر و مریض کے رشتوں کی اہمیت پر گفتگو کی۔
آرڈی اے کے سابق جنرل سکریٹری ڈاکٹر ندیم جیلانی آن لائن تقریب میں مانچسٹر (یوکے) سے شامل ہوئے جب کہ آرڈی اے کے صدر ڈاکٹر حمزہ ملک نے آرڈی اے کے ذریعہ اٹھائے گئے حالیہ موضوعات کے بارے میں بتایا۔ آرڈی اے کے نائب صدر ڈاکٹر شاہنواز اقبالی اور خازن ڈاکٹر سوربھ پاٹھک نے آرڈی اے احاطہ کی تزئین و بلندکاری کی اہمیت پر اپنے خیالات ظاہر کئے۔ جنرل سکریٹری ڈاکٹر ایم کاشف نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کی نظامت آرڈی اے جوائنٹ سکریٹری ڈاکٹر تازین شمشاد نے کی۔
اسی اثناء وائس چانسلر نے بی بی فاطمہ ہال کے نوتعمیر شدہ پرووسٹ دفتر کا ورچوئل افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ یہاں پرووسٹ دفتر کی کافی دنوں سے ضرورت تھی۔ انھوں نے کہاکہ بی بی فاطمہ ہال میں طالبات کے لئے ایک نیا باسکٹ بال کورٹ بھی تعمیر کیا گیا ہے۔ پروفیسر طارق منصور نے کہاکہ جن سہولیات کی ضرورت ہوگی وہ مہیا کرائی جائیں گی تاکہ طلبہ و طالبات کی تعلیم و تدریس پر منفی اثر نہ پڑے۔
اس سے قبل پرووسٹ پروفیسر غزالہ پروین نے خطبہئ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور ہمارے لئے تحریک کا باعث ہیں۔ پروگرام کی نظامت اور اظہار تشکر ڈاکٹر کہکشاں فاطمہ نے کیا۔
پروفیسر طارق منصور نے شعبہئ اقتصادیات کے خصوصی لیب کا بھی ورچوئل افتتاح کیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ کووِڈ19 نے ہمیں یہ موقع فراہم کیا ہے کہ ہم وقت کے تقاضہ کے مطابق درس و تدریس میں استعمال ہونے والی نئی ٹکنالوجی سیکھیں۔ انھوں نے کہاکہ آن لائن ٹیچنگ اور لرننگ نئے وقت کی مانگ ہے اور اساتذہ و طلبہ دونوں کو ڈجیٹل ٹکنالوجی کو سیکھنا ہوگا۔
صدر شعبہ پروفیسر سید نعمان احمد نے ورچوئل افتتاحی تقریب کے شرکاء کا خیرمقدم کیا جب کہ سوشل سائنس فیکلٹی کے ڈین پروفیسر نثار احمد خاں نے کہاکہ کووِڈ19 کی وبا کے دور میں تعلیم کے شعبہ نے نئی ٹکنالوجی کو اپنایا ہے اور شعبہئ اقتصادیات میں قائم ہونے والا لیب آن لائن ٹیچنگ اور دیگر متعلقہ سرگرمیوں میں معاون ثابت ہوگا۔ پروگرام کی نظامت ڈاکٹر شیریں رئیس نے کی۔