अन्य

سائنس، ٹکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی کی تعلیم اور خاتون سائنسدانوں کی خدمات کے موضوع پر دو روزہ ویبینار 13/اکتوبر سے

علی گڑھ، 6/اکتوبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی صدی تقریبات کے تحت ’اکیسویں صدی میں سائنس، ٹکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی (اسٹیم) کی تعلیم کے امکانات اور خاتون سائنسدانوں کی خدمات‘ موضوع پر 13/اکتوبر سے دو روزہ ویبینار کا اہتمام کیا جارہا ہے۔
اے پی جے عبدالکلام اسٹیم ای آر سنٹر، اے ایم یو کے زیر اہتمام اس ویبینار میں شانتی سوروپ بھٹناگر ایوارڈ یافتہ سائنسداں ڈاکٹر بشریٰ عتیق (آئی آئی ٹی، کانپور) اور پروفیسر جیوتی مئی داس (آئی اے سی ایس، کولکاتہ) کے خطبا ت ہوں گے۔ ڈاکٹر بشریٰ عتیق، پروسٹیٹ کینسر کے علاج اور پروفیسر جیوتی ’بایولوجیکل سسٹم میں کیمسٹری‘ کے موضوع پر خطاب کریں گی۔
اے پی جے عبدالکلام اسٹیم ای آر سنٹر کے ڈائرکٹر پروفیسر توحید احمد اور معاون ڈائرکٹر پروفیسر فرخ ارجمند کے مطابق دو روزہ ویبینار میں پروفیسر انل کے پردھان اور پروفیسر سلطانہ این ناہر (اوہیو اسٹیٹ یونیورسٹی)، پروفیسر قاضی مظہر علی، پروفیسر ایس مجمدار، پروفیسر انورادھا گوداورتی، ڈاکٹر ارپیتا امرمنی، پروفیسر اکرام خاں اور ڈاکٹر صبیحہ پروین کے خطبات ہوں گے۔