अन्य

آزادی کا امرت مہوتسو کے تحت کامرس شعبہ میں سیمینار کا انعقاد

علی گڑھ، 18/مارچ: ملک کی آزادی کے پچہتر سالہ جشن کے موقع پر وزارت تعلیم، حکومت ہند کے ذریعہ شروع کئے گئے پروگرام ”آزادی کا امرت مہوتسو“ کے تحت علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے کامرس شعبہ نے ایک سیمینار کا انعقاد کیا جس سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی پروفیسر شکیل احمد صمدانی (ڈین، فیکلٹی آف لاء) نے کہاکہ 12/مارچ ہندوستان کی تاریخ میں خاص اہمیت رکھتا ہے۔ یہی وہ تاریخ ہے جب بابائے قوم مہاتما گاندھی نے ڈانڈی مارچ کی شروعات کی تھی۔ انھوں نے آزادی کا امرت مہوتسو کے اہتمام کے لئے حکومت ہند کو مبارکباد پیش کی۔
پروفیسر صمدانی نے برطانوی راج کے خلاف ٹیپو سلطان کی جدوجہد اور قربانیوں کا بھی ذکر کیا۔ اس کے علاوہ جدوجہد آزادی میں جمعیۃ علمائے ہند، مؤمن کانفرنس، اے ایم یو اور دیگر اداروں کی قربانیوں پر بھی روشنی ڈالی۔
پروفیسر ایم محسن خان نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر پروفیسر عمران سلیم (ڈین، فیکلٹی آف کامرس)، صدر شعبہ پروفیسر نواب علی خان اور دیگر اساتذہ و طلبہ موجود تھے۔ آن لائن پروگرام کے کوآرڈنیٹر ڈاکٹر نغمہ اظہر اور ڈاکٹر شیمہ تراب تھے۔
دوسری طرف اے ایم یو کے عبداللہ اسکول میں بھی آزادی کے امرت مہوتسو کے تحت مضمون نویسی، پوسٹر سازی اور سلوگن رائٹنگ مقابلہ کا اہتمام کیا گیا۔ اس ورچوئل پروگرام میں بچوں نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔