अपराध

 اورنگ آباد میں مشن مریم مرزا کے تحت سترہویں محلہ لائبریری کا افتتاح

 مساجدمیں اسٹیڈی سینٹر قائم کیے جائیں جہاں قو م کے بچے یکسوئی کے ساتھ مطالعہ کرسکیں۔مولانا محفوظ الرحمن فاروقی
اورنگ آباد10/ ستمبر
اورنگ آباد میں جاری مشن مریم مرزا محلہ محلہ لائبریری کے تحت مسجدعرب کھڑکی بیگم پورہ میں ماسٹرسراج صاحب کے نام سے آج سترہویں (17)محلہ لائبریری کا افتاح رکن آل انڈیا مسلم پرسنل بورڈ کے رکن مولانا محفوظ الرحمن فاروقی کے ہاتھوں عمل میں آیا۔حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فاروقی نے کہا کہ یہ بڑی خوش آئند بات ہے کہ اورنگ آباد ریڈاینڈ لیڈ فاؤنڈیشن کے سرپرستی میں چلائی جارہی تحریک مریم مرزا محلہ محلہ لائبریری کے تحت غریب محلوں کے بچوں کے لیے چھوٹی چھوٹی لائبریریاں شروع کی گئی ہیں اور اب یہ گلی محلوں،مکانات سے نکل کر مساجدمیں شروع کی جارہی ہیں بڑی خوش آئند بات ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ میں مساجد کے ذمہ داران سے اپیل کروں گا کہ جن مساجدمیں گنجائش ہے وہاں قوم وملت کے بچوں کے لیے اسٹیڈی سینٹر قائم کیے جائیں۔
ملک کی مشہور و معروف شخصیت،ماسٹرسراج صاحب کے نام اس محلہ لائبریری کومنسوب کیاگیاہے جس کا افتتاح بعد نماز جمعہ دوپہر دو بجے مولانا محفوظ الرحمن فاروقی،حاجی عبدالجبارسیٹھ باغبان (صدر جامعہ اسلامیہ کاشف العلوم) مولنا محمد صادق ندوی (استاذ فاطمہ اردوگرلس ہائی اسکول)خان جمیل احمد (صدر مدرس امان اللہ موتی والا ہائی اسکول)حافظ عبدالعلیم (امام مسجد ہذا)، ہاتھوں عمل میں آیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے۔ریڈاینڈ لیڈ فاؤنڈیشن کے صدر مرزاعبدالقیوم ندوی نے مشن مریم مرزا محلہ محلہ لائبریری کا تعارف اور اس کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہاکہ سال رواں کے شروعات 8/جنوری کو اورنگ آباد شہرمیں ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام محلہ لائبریری کے نام سے پہلی لائبریری کا قیام عمل میں آیا۔ جس کا افتتاح رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر فوزیہ خان نے کیاتھا۔ مریم مرزا  جو ساتویں جماعت کی طالب علم ہے اس نے اپنی ذاتی تین سو کتابوں سے اس لائبریری کی شروع کی تھی جو آج دیکھتے ہی دیکھتے  17ہوگئی ہیں۔محلہ لائبریریاں ایسے علاقوں محلوں میں قائم کی جارہی ہیں جہاں غریب،مزدور پیشہ طبقہ زیادہ رہتا ہے جہاں کے بچوں کو درسی کتابوں کے علاوہ غیر درسی کتابیں پڑھنے اور دیکھنے کو بہت کم ملتی ہیں۔ ندوی نے کہا کہ گلی محلوں میں لائبریوں کے ساتھ ساتھ ہماری یہ کوشش ہے کہ مسجدوں میں بھی لائبریا ں،اسٹڈی سینٹر قائم کیے جائیں اس فائدہ یہ ہوگا کہ جوبچے پڑھنے میں ہوشیارہیں اور انہیں کے گھر چھوٹے ہوتے ہیں یہ ماحول نہیں مل پاتا ہے،اسی طرح گلی نکڑوں،چورہاہوں پر جو نوجوان اور نوعمر بچے راتوں کوگلی میں مٹر گشتی یا وقت گزاری کرتے رہتے ہیں انہیں مسجدوں میں بلایاجائے اور مطالعہ کی طرف راغب کیاجائے ان مزاج کی کتابیں لائبریوں میں مہیاکرائی جائیں تاکہ وہ مسجدوں میں آنے والے بنیں اس سے مسجدیں بھی آباد ہوں گی۔ابھی تک فاؤنڈیشن نے اورنگ آباد شہر کی پانچ مساجدمیں یہ سلسلہ شروع کیا ہے،انشاء سال کے آخر تک 25مساجدمیں اسٹڈی سینٹر شروع ہوجائیں گے  اس سلسلہ میں مساجد کے ذمہ داران سے گفتگو جاری ہے۔
مولانا محمد صادق ندوی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ریڈ اینڈ لیڈ فاؤنڈیشن کے صدر مرزاعبدالقیوم ندوی اور ان کے دختر مریم مرزانے تاریخی شہر اور نگ آباد میں ایک تاریخی کارنامہ انجام دیا ہے جس کی پورے ملک میں سراہنا کی جارہی ہے اور اس ایک مثالی و قابل تقلید عمل قرار دیا جارہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ میں تیقین دلایا کہ وہ بچوں کو لائبریری سے کتابیں لینے اور پڑھنے کے ترغیب دیں گے۔جہاں سے روزانہ بچے پابندی کے ساتھ کتابیں اپنے گھروں پر پڑھنے لے جاسکتے ہیں۔افتتاحی تقریب میں مولنا محمد یوسف ملی،مولنا سعید فاروقی، شوسل ورکر محمدطیب ظفر،قاضی شکیل کے علاوہ کثیر تعدادمیں محلہ کے معزز شخصیتوں کے علاوں محلہ کے ذمہ داران موجود تھے۔ اس موقع پر قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان دہلی سے شائع ماہنامہ بچوں کی دنیا کا جشن آزادی پر شائع خصوصی شمارہ بچوں میں مفت تقسیم کیاگیا۔پروگرام کو کامیاب بنانے میں مسجد امام مولناعبدالعلیم نے محنت کی جبکہ مسجد میں لائبریری شروع کرنے پر مسجد کے صدرمحمد صاحب نے شکریہ ادا کیا اور کہاکہ وہ کوشش کریں گے کہ مسجد میں اسٹڈی سینٹر شروع ہوجائے۔  ان کے شکریہ پر پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔