अन्य

کووڈ گائڈ لائن کی ہدایات کے تحت منایا جائے گا عرس

درگاہ شریف سے متعلقین کے ساتھ میٹنگ

ریاستی حکومت سے خصوصی مراعات کی درخواست- امین پٹھان

اجمیر، خواجہ غریب نوازؒ کے 810 ویں عرس کے سلسلے میں درگاہ شریف سے متعلق تمام اداروں کے ساتھ ۰۲ جنوری کو غریب نواز گیسٹ ہاوس میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی۔ درگاہ کمیٹی کے صدر امین پٹھان کی صدارت ہوئی میٹنگ میں اتفاقِ رائے سے طے کیا گیا کہ سابقہ روایت کے مطابق ہی عرس منایا جائے گا۔ البتہ تمام زائرین سے کووڈ گائیڈ لائن پر عمل کرنے کی مسلسل تاکید کی جائے گی۔ درگاہ شریف سے متعلق تمام ادارے اور ان کے نمائندگان ضلع انتظامیہ اور صوبائی حکومت سے گذارش کریں گے کہ دورانِ عرس خصوصی مراعات دی جائے کیونکہ اجمیر آنے کے بعد زائرین کودرگاہ شریف کے اندر جانے سے روکنا بہتر نہیں ہوگا۔
اس میٹنگ میں سجادہ نشین کے نمائندہ سید نصیرالدین چشتی، انجمن سیدزادگان سے صدر معین حسین چشتی، سیکریٹری سید واحد حسین چشتی، انجمن یادگار سے شیخزادہ محمد سبحان چشتی، شیخزادہ زاہدالحق چشتی، سرغنہ ہفت باریداران سے سید انیس چشتی، سید ثروت سنجری، سید صدرالدین چشتی، ڈاکٹر عبدالماجد چشتی، سید توفیق چشتی، شیخزادہ اصغر محمد چشتی اور شیخزادہ عیاض الرحمن چشتی موجود رہے۔
عرس سب کمیٹی کی میٹنگ: عرس انتظامات کے سلسلے میں عرس سب کمیٹی کی میٹنگ دوپہر ۲۱/بجے صدر امین پٹھان صاحب کی صدارت میں میٹنگ کی ابتدا ہوئی۔ اس میٹنگ میں طے پایا کہ پچھلے سالوں کی طرح اس سال بھی غریب نواز کے عرس کا انعقاد ہوگا۔ ضلع انتظامیہ اور ریاستی سرکار سے گذارش کی جائے گی کہ زائرین کو سہولت بہم پہنچانے کے لئے کووڈ کی ہدایات میں کچھ نرمی برتی جائے۔ میٹنگ میں نائب صدر منور خان، سید بابر اشرف، سپات خان، وسیم راحت علی خان، جاوید پاریکھ و ناظم شاداں زیب خان موجود رہے۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آفس کا افتتاح: درگاہ کمیٹی کے ذریعہ غریب نواز مہمان خانہ میں نو تعمیر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آفس کا افتتاح کرتے ہوئے ایس. پی. اجمیر وکاس شرما کے سپرد کیا گیا۔ غورطلب ہے کہ پچھے کئی سالوں سے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آفس کا مطالبہ کیا جارہا تھا۔ اس وجہ سے درگاہ کمیٹی نے یہ آفس بناکر پولیس محکمہ کے حوالے کیا۔ اس موقع پر جملہ اراکین درگاہ موجود رہے۔ ایس.پی. اجمیر نے بھی درگاہ کمیٹی کا شکریہ ادا کیا۔