अन्य

پرسکون زندگی کے لیےتندرستی  سب سے زیادہ ضروری:پروفیسر شیخ عقیل احمد

 

قومی اردو کونسل میں پروفیسر شیخ عقیل احمد اور پروفیسر مظفر علی شہہ میری کے ہاتھوں ‘اناج سے صحت’  نامی کتاب کا اجرا

نئی دہلی:کامیاب،پرسکون  اور خوشحال زندگی کے لیے انسان کا صحت مند ہونا بہت ضروری ہے اور اس کے لیے اپنے طرز زندگی اور کھانے پینے کے نظام  کو ایسا بنانا چاہیے جو ہماری صحت کو نقصان پہنچانے کے بجائے اس کے تحفظ کا ضامن ہو۔انسانی زندگی میں صحت کی غیر معمولی اہمیت کی وجہ سے ہی کہا جاتا ہے کہ تندرستی ہزار نعمت ہے۔ان خیالات کا اظہار قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ڈائریکٹر پروفیسر شیخ عقیل احمد نے کونسل کے صدر دفتر میں ’سری دھانیہ:اناج سے صحت‘ نامی کتاب کے اجرا کے موقعے سے کیا۔یہ کتاب معروف سائنس داں ڈاکٹر قادر ولی کے طبی تجربات اور علاج کے طریقوں پر مبنی ہے۔ شیخ عقیل  نے کہا کہ یہ کتاب ہمارےلیے بہت مفید ہے ،جو ہمیں بتاتی ہے کہ اناجوں اور مختلف قسم کے پیڑ پودوں اور ان کے پتوں کو ہم اپنی بیماریوں کے علاج میں کس طرح استعمال کرسکتے ہیں۔یہ طریقۂ علاج آسان بھی ہے اور کم خرچ والا بھی ہے،آج جب کہ معمولی بیماریوں کے علاج کے لیے بھی ہمیں ہزاروں روپے خرچ کرنا پڑتے ہیں پھر بھی صحیح نتائج ملنا یقینی نہیں ہوتاایسے میں ہم اپنی شب و روز کی غذاؤں اور مختلف پیڑ پودوں کے پتوں اور ان کے عرق کا استعمال کرکے اپنی ہر قسم کی بڑی چھوٹی بیماری کا علاج کر سکتے ہیں۔ انھوں نے اس موقعے پر کتاب کے مؤلف حافظ شیخ حمایت اللہ اور فیروز باشاہ کو مبارکباد پیش کی کہ انھوں نے اس میں اہم معلومات اکٹھا کردی ہیں  جو یقیناً قارئین کے لیے مفید ثابت ہوں گی۔شیخ عقیل نے ان کے استاد اور ڈاکٹر عبدالحق یونیورسٹی کرنول کے سابق وائس چانسلر پروفیسر مظفر  علی شہ میری کو بھی خصوصی طورپر مبارکباد پیش کی جن کی تعلیم و تربیت  سے ان حضرات نے بہت زیادہ فائدہ اٹھایا ہے اور انھیں ہمیشہ پروفیسر موصوف کی رہنمائی حاصل رہی ہے۔

اس موقعے پر پروفیسر مظفر علی شہ میری نے اظہار خیال کرتے ہوئے  کہا کہ یہ کتاب دراصل ہندوستان کے ایک کامیاب ڈاکٹر و سائنس داں کے سائنسی و طبی تجربات پر مبنی  ہے،جنھوں نے ایک عرصے تک امریکہ میں خدمات انجام دیں پھر اپنے ملک آگئے اور یہاں لوگوں میں  صحت بخش اور نقصان دہ غذاؤں کے بارے میں بیداری پیدا کرنے اور مختلف  بیماریوں کے قدرتی علاج کے لیے خود کو وقف کردیا،یہ کتاب دراصل انہی کے تجربات اور علاج کے طریقوں اور وسائل پر مشتمل ہے،جسے میرے دو بہت عزیز شاگرد حافظ شیخ حمایت اللہ اور فیروز باشاہ نے مرتب کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ اس کتاب میں پیش کردہ معلومات نہایت مفید ہیں اور اسے پڑھنے کے بعد نہ صرف ہم یہ جان سکتے ہیں کہ کونسی غذائیں ہماری صحت کے لیے مفید اور کونسی غذائیں نقصان دہ ہیں،بلکہ ساتھ ہی ہمیں یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ کس اناج سے ہم کونسی بیماری کا علاج کرسکتے ہیں،کونسے پتے کا عرق کس بیماری میں مفید ہے اور کس پھل کو کھانا ہمارے لیے مفید یا مضر ہے۔انھوں نے اس موقعے پر قومی اردو کونسل اور ڈائریکٹر پروفیسر شیخ عقیل احمد کا خصوصی طورپر شکریہ ادا کیا جن کی توجہ اور تعاون سے اس کتاب کی اشاعت عمل میں آئی ہے۔