دہرہ دون/جالندھر: اتراکھنڈ حج کمیٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر(سی ای او) سید میثم علی نے معروف شاعر اور اتراکھنڈ اردو اکیڈمی کے سابق نائب چیئرمین افضل منگلوری کو اتر کھنڈ حج کمیٹی کیمپ کو آرڈینیٹر اور ایڈوائزر مقرر کیا ہے ۔
جناب سید میثم علی نے بتایا کہ جناب افضل منگلوری جہاں ایک بین الاقوامی شہرت یافتہ شاعر کے طور پر پہچانے جاتے ہیں وہیں حج کے موقع پر انکی خدمات قابل ستائش رہتی ہیں۔
اس کے علاوہ کلیئر شریف میں حضرت مخدوم سید علا الدین علی احمد صابر کلیری رحمتہ اللہ علیہ سالانہ عرس کے موقع پر بھی ملکی اور غیر ملکی زائرین کے لئے ان کی خصوصی خدمات رہتی ہیں ۔ جناب سید میثم علی نے بتایا کہ حج کمیٹی اتراکھنڈ کی جانب سے اس سال 549عازمین حج کے لئے جائیں گے۔ جن میں ضلع ہریدوار اور ضلع دہرہ دون کے عازمین کے ٹیکے لگ چکے ہیں۔باقی نینی تال ،اودھم سنگھ نگر اور الموڑہ اضلاع کے عازمین کے 4,5اور 6جون کو ان کے اضلاع میں لگائے جائیں گے ۔
انہوں نے بتایا کہ نو 9جون کو سبھی عازمین حج کو دہلی میں بلایا گیا ہے جہاں ان کی کی کرونا کی جانچ ہوگی اور اتراکھنڈ کی فلائٹس11اور 12 جون کو دہلی سے روانہ ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ سرکاری طور پر صغیر احمد،نفیس احمد،سلیمان اور فیضان احمد خادم الحجاج کے طور پر اترا کھنڈ حج کمیٹی کی جانب سے سعودی عرب جائیں گے۔