उर्दू

ممبئی کا قومی اردو کتاب میلہ تاریخ ساز کامیابی سے ہم کنار ہوگا : پروفیسر دھننجے سنگھ

 

قومی اردو کونسل اور انجمن اسلام کی جانب سے مشترکہ پریس کانفرنس کا انعقاد

ممبئی : قومی اردو کونسل کے چھبیسویں اردو کتاب میلے کے حوالے سے آج ممبئی مراٹھی پتر کار سنگھ کے ہال میں کونسل اور انجمن اسلام کی جانب سے ایک مشترکہ پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس کانفرنس میں کونسل کے ڈائرکٹر پروفیسر دھننجے سنگھ کسی وجہ سے شریک نہ ہوسکے البتہ انھوں نے اپنے پیغام میں کونسل کی طرف سے ممبئی کے تمام محبان اردو کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ اس تاریخی قومی کتاب میلے سے خوب مستفید ہوں گے۔ انھوں نے مقامی سطح پر میلے کے انعقاد میں تعاون کرنے والے مشہور تعلیمی و ثقافتی ادارہ انجمن اسلام اور اس کے ذمے داران اور تمام معاونین کا شکریہ بھی ادا کیا۔ اس کا نفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کونسل کے  میلہ انچارج اجمل سعید نے کونسل کے کتاب میلوں کی تاریخ اور موجودہ میلے کی غرض و غایت بیان کیا اور کہا کہ کونسل اب تک ملک کے مختلف شہروں میں پچیس کتاب میلے کر چکی ہے، جنھیں اور ان میلوں کے ذریعے ہمیں نئی نسل کو کتابوں سے جوڑنے میں خاطر خواہ کامیابی ملی ہے، یہ میلہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے جس کا انعقاد ممبئی جیسے مشہور صنعتی ، تجارتی، علمی و ثقافتی شہر میں ہو رہا ہے اور ہمیں توقع ہے کہ یہ کتاب میلہ بھی غیرمعمولی کامیابی سے ہم کنار ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ اس میلے کے انعقاد میں ممبئی کی نمایاں تعلیمی و ثقافتی تنظیم انجمن اسلام کونسل کے ساتھ تعاون کر رہی ہے اور مسلسل نو دنوں تک ہونے والے ثقافتی پروگراموں کا انعقاد مختلف ادبی اداروں کے زیر اہتمام ہوگا۔ ہم انجمن اسلام سمیت تمام معاون اداروں کے شکرگزار ہیں ۔ انھوں نے بتایا کہ اس میلے میں کل 180 سے زائد اردو کتابوں کے پبلشرز اور کتب فروشوں کے سٹال لگائے گئے ہیں، جہاں ہر قسم کے موضوعات پر ایک لاکھ سے زائد کتابیں خصوصی رعایت پر دستیاب ہوں گی۔ اس موقعے پر انجمن اسلام کے صدر جناب ظہیر قاضی نے کہا کہ کونسل نے اس سے قبل 2012 میں صابوصدیق کالج میں اردو کتاب میلے کا انعقاد کیا تھا لیکن اس سال کا میلہ کئی معنوں میں مختلف ہے اور یہ وسیع پیمانے پر ہو رہا ہے، انھوں نے کہا کہ ممبئی اور گردو نواح کے شہروں میں اس میلے کے تعلق سے جس غیر معمولی جوش و خروش کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ میلہ نہایت کامیاب رہے گا۔ انھوں نے ممبئی میں اس میلے کے انعقاد کے لیے کونسل اور حکومت ہند کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ اردو ہندوستان کی نہایت شیریں اور مقبول ترین زبان ہے جس کے بولنے اور سمجھنے والے ملک کے ہر خطے میں پائے جاتے ہیں اور اسی وجہ سے حکومت ہند کی جانب سے اس کے فروغ پر خاص توجہ دی جا رہی ہے، انھوں نے کہا کہ اردو کے مشترکہ کیرکٹر کو نمایاں کرنے کے لیے ہم نے اس میلے میں اردو کا ذوق و شوق رکھنے والے برادرانِ وطن کے لیے بھی ایک خاص پروگرام رکھا ہے تاکہ وہ اپنی ادبی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں۔

اس پریس کانفرنس میں انجمن کے نائب صدر ڈاکٹر شیخ عبداللہ ، ڈاکٹر قاسم امام اور فاروق سید وغیرہ خاص طور پر موجود رہے ۔