بھاگلپور : شعبۂ اردو، یونیورسٹی پی جی ڈیپارٹمنٹ ،مونگیر کے زیر اہتمام ایک سیمینار بعنوان” ترقی یافتہ بھارت @ 2047″ منعقد ہوا جس کی صدارت صدر شعبۂ اردو ڈاکٹر شاہد رضا جمال عرف شاہد رزمی نے کی جبکہ سمینار ہذا میں شعبہ کے طلباء اور طالبات کثیر تعداد میں موجود تھے۔ سیمینار کی نظامت محمد غلام ربانی اور محمد افضل نے کی۔
صدارتی خطبہ میں ڈاکٹر جمال نے کہا کہ ترقی یافتہ بھارت @ 2047 ہمارے وزیراعظم جناب نریندر مودی صاحب کا پیش کردہ مشن اور پروجیکٹ ہے جس کے تحت ہندوستان کو تمام شعبہ ہائے زندگی میں ترقی کے راستے پر گامزن دیکھنا چاہتے ہیں خواہ تعلیم کا شعبہ ہو یا سائنسی اور ٹیکنالوجی کی بات ہو یا کہ حقوق انسانی اور حقوق نسواں کی بات ہو یا کہ خلائی مشن اور مستقبل کے ترقیاتی اسکیموں کی بات ہو تمام پہلوؤں پر غور و خوض کے لیے ہماری نوجوان نسل بالخصوص طلباء اور طالبات کو اس طرف راغب کرنے کی کامیاب کوشش کی ہے تاکہ نیٔ نسل کا مستقبل روشن اور تابناک ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کئی شعبے میں ترقی کے راستے پہ گامزن ہے تاہم ابھی ہنوز ترقیاتی معیار کو مزید طے کرنا باقی ہے لہذا ہمیں تعلیم کے ساتھ ساتھ تمام دیگر شعبوں پہ بھی بہتر کارکردگی کرنی چاہیے ۔ ڈاکٹر رزمی نے مزید کہا کہ ہمیں توانائی اور اندھن کے معاملے میں خواہ خام تیل، پٹرول یا کوئلہ ہو،ہمیں خود کفیل ہونا چاہیے تاکہ ملک ترقی کے منازل طے کر سکے ۔ انہوں نے اخیر میں اس بات کا اعادہ کیا کہ ملک تبھی ترقی کر سکتا ہے جب ملک کا سوشل فیبرک یعنی سماجی تانہ بانہ قائم رہے اور ہم اتحاد و ملت کے ساتھ ملک کی ترقی میں اپنی حصہ داری کے منصب کو پورا کریں۔ انہوں نے ملک کی سالمیت پر بھی خاصہ زور دیا۔
اس موقع پر کئی طلباء اور طالبات نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا جن میں محمد افضل،محمد غلام ربانی، محمد صالح عمر،محمد مکرم، محمد سعد اللہ ،نازیہ، روزی گلشاد ،نسیم ،احسان اللہ، روبی پروین، نکہت پروین، گل افشاں وغیرہ کے اسمائے گرامی قابل ذکر ہیں۔
پروگرام کے آخر میں محمد صالح نے اظہار تشکر کیا۔