2024 میں پوری دنیا کے ایک ہزار مسلمانوں کو شاہی خرچ پر عمرہ کی ادائیگی کی دعوت
ممبئی ۷؍جنوری حکومت سعودیہ کے فرماں روا خادم الحرمین الشریفین الملک سلمان بن عبدالعزیز آل سعود حفظہ اللہ ورعاہ نے سال 2024 میں پورے عالم کے منتخب مسلمانوں کو اپنے صرفہ پر عمرہ کی ادائیگی کی دعوت دی ہے، جس پر ترتیب وار عمل درآمد شروع ہو گیا ہے۔
جمعیۃ علماء مہاراشٹر(ارشدمدنی) کی مجلس عاملہ کے رکن مولانا محمد عارف عمری نے اپنے اخباری بیان میں حکومت سعودیہ کے اس فیصلے کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سعودی عرب اب تک حج بیت اللہ کے لئے سرکاری خرچ پر مسلمانوں کو بلاتی رہی ہے، اب اس حکومت نے حج کے ساتھ ساتھ عمرے کے لئے بھی یہ اہتمام کیا ہے جس سے اس کی دین پسندی کا اندازہ ہوتا ہے۔
مولانا عمری نے یہ بھی کہا کہ بین الاقوامی صورتحال کے تناظر میں سعودی عرب مظلوم فلسطینیوں کے لئے اخباری بیان تو جاری نہیں کرتا ہے لیکن اس مملکت نے بری، فضائی اور بحری ہر راستے سے غزہ کے مظلومین کے لئے نہایت وسیع پیمانے پر ریلیف روانہ کی ہے، جو اقوام متحدہ کے اہل کاروں کے زریعہ متاثرین تک پہونچائ جائے گی۔
مولانا عمری نے کہا کہ اسرائیل امریکہ کی شہ پر بین الاقوامی قانون کی دھجیاں اڑا رہا ہے اور مغربی طاقتیں یہ چاہتی ہیں کہ جنگ کے شعلے عرب ممالک تک پھیل جائیں تاکہ ان کو بڑے پیمانے پر فضائی بمباری کا موقع ہاتھ آجائے، جبکہ تازہ ترین صورتحال کے مطابق زمینی جنگ میں مجاہدین عالمی سپر پاور طاقت اسرائیل اور اس کے اتحادیوں کو دھول چٹا رہے ہیں، اور ان شاء اللہ مجاہدین کو فتح حاصل ہوگی۔
مولانا عمری نے کہا کہ مسلم ممالک کو اشتعال دلا کر پورے خطہ میں جنگی ماحول پیدا کیا جا رہا ہے اور اس کا صرف مقصد یہ ہے کہ اسرائیل زمینی جنگ سے بچ جائے اور فضائی حملے وسیع تر کردیئے جائیں، ایران کا تازہ ترین دہشتگردانہ حملہ جس میں سو سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں اور دو سو کے قریب زخمی ہوئے ہیں، اسی سازش کا حصہ ہے۔
مولانا عمری نے کہا کہ یہ وقت بہت نازک ہے اور پھونک پھونک کر قدم رکھنے کا ہے، جس میں الحمد للہ حکومت سعودی عرب بڑے تحمل اور تدبر کے ساتھ کام کر رہی ہے