उर्दू

وزیر عمران حسین کے ہاتھوں عرس ٹرانزٹ کیمپ کا افتتاح

دہلی کی اروند کیجریوال حکومت کے ذریعہ سال ہائے گزشتہ کی طرح اس سال بھی عرس ٹرانزٹ کیمپ میں زائرین کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں: عمران حسین

نئی دہلی :دہلی کی کیجریوال حکومت کے ذریعہ آدرش نگر اسمبلی حلقہ کے براڑی( نرنکاری میدان ) میں ٹرانزٹ کیمپ کا افتتاح دہلی حکومت کے وزیر عمران حسین نے فیتہ کاٹ کر کے کیا ۔ اس موقع پر مقامی ایم ایل اے پون شرما، دہلی اسٹیٹ عرس کمیٹی کے چیئرمین آئی ایف آئی اسماعیلی، حضرت نظام الدین اولیاءدرگاہ شریف کے گدی نشیں سید کاشف علی نظامی، سینئر صحافی معروف رضا، مشتاق انصاری، حاجی الیاس، محمد اسلام الدین، وقار خان بھوپالی، صوفی مفکر وقار خان بھوپالی ، شاہ محمد شمیم، انور مسعود، پرویز نور، محمد مصطفیٰ وغیرہ خصوصی طور پر موجود تھے۔افتتاح کے موقع پر وزیر عمران حسین نے وہاں موجود زائرین کا صمیم قلب سے استقبال کیا اور انہیں 812ویں عرس کی مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ دہلی کی اروند کیجریوال حکومت حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری کے دربار میں حاضری کیلئے جانے والے زائرین کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ سال ہائے گزشتہ کی طرح اس سال بھی عرس ٹرانزٹ کیمپ میں زائرین کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔تاہم عمران حسین نے تمام زائرین سے درخواست کی کہ وہ خصوصی طو ر پر ہر دل عزیز دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال جی اور ملک کی خوشحالی و ترقی کے لیے دعا کریں۔چیئرمین ایف آئی اسماعیلی نے اپنی تقریر میں کیمپ میں زائرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔انہوں نے کہاکہ عرس کمیٹی اور دہلی حکومت کا ایک ایک نمائندہ زائرین کی خدمت میں پیش پیش ہے اور پچھلی سال کی طرح اس سال بھی کیمپ کو کامیاب بنانے اور زائرین کی خدمت کرنے میں کو ئی کمی نہیں آئے گی ۔مقامی ایم ایل اے پون شرما نے خواجہ صاحب کی زندگی سے سیکھ کر انسانیت کی خدمت پر زور دیا۔واضح رہے کہ یہ کیمپ مقامی انتظامیہ اور دہلی اسٹیٹ عرس کمیٹی کی ٹیم کے چیئرمین آئی ایف آئی اسماعیلی کی قیادت میں چلایا جاتا ہے۔ حضرت خواجہ معین الدین چشتی رحمت اللہ علیہ کی درگاہ اجمیر میں ہے وہاں ہر سال عرس کے موقع پر دہلی حکومت کی جانب سے اور دہلی عرس کمیٹی کی دیکھ ریکھ میں تقریبا تین ہفتوں کیلئے عرس ٹرانزٹ کیمپ کا انعقاد کیا جاتا ہے۔جس میں ملک بھر سے آنے والے زائرین کے لیے بسیں، کار پارکنگ، رہنے اور سونے کے لیے گدے اور لحاف، باتھ روم، بیت الخلا، پینے کا پانی، نماز کے لیے وضو خانہ، سردی کے موسم کو دیکھتے ہوئے گرم پانی، مسجد، کمیونٹی کچن ، ہوٹل، ریلوے ریزرویشن سنٹر، دہلی کی درگاہوں کی زیارت کے لیے ڈی ٹی سی لوکل بس، اجمیر کے لیے روڈ ویز بس، دودھ اور سبزیوں کی دکانوں کے علاوہ سخت حفاظتی انتظامات، میں پولیس چوکی، فائر ڈیپارٹمنٹ کے انتظامات، گاڑیاں، ایمبولینس، ہسپتال، ڈسپنسریاں وغیرہ مختلف متعلقہ محکموں کے ذریعے معقول انتظامات کئے جاتے ہیں۔اس کے علاوہ کیمپ میں سماجی تنظیموں کی جانب سے ہزاروںزائرین کو لنگر پیش کیا جاتا ہے۔لنگر خانہ کے ذریعے یہ لوگ صبح سے رات گئے تک زائرین کی خدمت میں چائے، چھاچھ، بسکٹ، روٹی پکوڑے، کھچڑی، بریانی، دال چاول، کھیر، زردہ (میٹھے چاول) وغیرہ تقسیم کرتے ہیں۔