उर्दू

فیصلہ کرلیں اپنا نام کونسی لسٹ میں رکھنا ہے ؟ اللہ کو ماننے والی یا انکار والی : محمد اقبال

آگرہ ۔ مسجد نہر والی سکندرہ کے خطیب محمد اقبال نے آج جمعہ کے خطبے میں اسلام کا ایک اہم رکن “ نماز “ کے بارے میں بات کی۔ انھوں نے کہا لوگ نماز کیوں نہیں پڑھتے ؟ قرآن نے اس کے بارے میں جو بتایا ہے وہ میں آپ سے شئیر کر رہا ہوں۔ سورہ القیامہ آیت نمبر 31 اور 32 میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے “ پھر نہ تو اس نے تصدیق کی اور نہ نماز پڑھی ، بلکہ جھٹلایا اور منہ موڑا “۔  یعنی آپ کو شک ہے کہ نماز پڑھنے کا کوئی فائدہ ہے بھی یا نہیں ، یہاں تک کہ آذان کی آواز سننے کے بعد بھی منہ موڑ کر چل دیتے ہو۔ اس طرح آپ نے “ جھٹلا دیا” اللہ کے بارے میں لوگ ابھی تک شک میں ہیں کہ اللہ ہے بھی یا نہیں اور اس کی کتنی طاقت ہے ، اگر لوگوں کو اللہ کے بارے میں معلوم ہو اور وہ اس کو “ سچ “ مانیں تو ممکن ہی نہیں کہ نماز چھوڑ دیں۔ نماز نہ پڑھنے والا ایک طرح سے اللہ  کا “ انکار” کر رہا ہے ، یہ بہت ہی خطرناک صورت حال ہے۔ آپ کو اپنے “ بوس” کا علم ہوتا ہے اور اس کی طاقت کا اندازہ بھی ہوتا ہے آپ سرجھکا کر تمام آرڈر فالو کرتے ہو۔ آپ جانتے ہو کہ اگر میں نے نافرمانی کی تو مجھے اپنی نوکری سے ہاتھ دھونے پڑ جائیں گے اس لیےآپ چھوٹے سے چھوٹا حکم بھی مانتے ہیں ، لیکن اس کائنات کے رب کے بارے میں آپ اس قدر غلط فہمی میں ہیں کہ آپ کو اس کی پرواہ ہے ہی نہیں ، کھلے طور پر اس کی نافرمانی کررہے ہو ، کیوں کہ ہمیں نہ تو اللہ کے ہونے کا یقین ہے اور نہ اس کی “ طاقت” کا اندازہ ہے ، جو لوگ بھی نماز کو چھوڑتے ہیں کیا وہ اس طرف دھیان دیں گے ؟ وہ بہت بڑے نقصان کی طرف جارہے ہیں. کون اللہ کا بندہ ہے جو آج اس مسجد میں اللہ کے ہونے کا یقین کرلے اور مرتے دم تک نماز نہ چھوڑنے کا آج مسجد سے باہر نکلنے سے پہلے پکاّ عہد کرلے ؟ ورنہ “ ایک ناقابل ِبرداشت انجام کے لیے تیار رہے ، کیا کوئی اب بھی نماز چھوڑ سکتا ہے ؟ اب فیصلہ ہمارے ہاتھ میں ہے اپنا نام اللہ کو ماننے والی لسٹ میں رکھنا ہے یا انکار والی لسٹ میں ۔ اللہ ہمیں مرتے دم تک نماز پڑھنے کی توفیق عطا فرماے، آمین۔