उर्दू

خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ میں وزیر اعلی اروند کیجریوال کی چادر پیش

ایف آئی اسماعیلی نے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کا پیغام پڑھ کر سنایا جس میں لکھا تھا کہ پورے ملک میں سماجی بھائی چارے کو عام کرنا چاہئے اس سے ملک مضبوط اور ترقی کرتا ہے

نئی دہلی :   حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیر ی کی درگاہ شریف پر دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال اور دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وینے کمار سکسینہ کی مقدس چادریں پیش کی گئیں ۔دہلی عرس کمیٹی کے چیئرمین ایف آئی اسماعیلی کی قیادت میں یہ چادریں دہلی اسٹیٹ عرس کمیٹی کے ایک وفد کے ذریعہ اجمیر شریف پہنچیں ۔ عرس کمیٹی کے وفد نے مکمل پروٹوکول کے ساتھ پولیس کی سخت حفاظت میں مقدس چادروں کو درگاہ شریف تک پہنچایا۔ لیفٹیننٹ گورنر اور وزیر اعلیٰ کے علاوہ دہلی اسمبلی کے اسپیکر رام نواس گوئل، وزیر تعلیم آتشی، ڈویژنل کمشنر اشونی کمار، وزیر ماحولیات گوپال رائے، وزیر خوراک و رسد عمران حسین، ایم ایل اے سومناتھ بھارتی ، راجیہ سبھا کے رکن سنجے سنگھ کی چادریں عقیدت و احترام کے ساتھ پیش کی گئیں۔اس موقع پر اجمیر درگاہ شریف کے خادم ظہور بابا نے چادریں پیش کرائیں۔ چیئرمین ایف آئی اسماعیلی نے بلند دروازہ پر وزیر اعلی اروند کیجریوال اور لیفٹیننٹ گورنر کے پیغامات کو اجمیر کے زائرین، میڈیا کے سامنے پڑھ کر سنایا۔ لیفٹیننٹ گورنر وینے سکسینہ نے اپنے پیغام میں کہاکہ خواجہ صاحب کی تعلیمات امن، محبت اور بھائی چارے کو فروغ دیتی ہیں ۔ تاہم ملک بھر کے لوگوں کو امن اور بھائی چارہ قائم رکھتے ہوئے خواجہ جی کے بتائے ہوئے راستوں پر چلنا چاہئے ۔ وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے اپنے پیغام میں کہا کہ پورے ملک میں سماجی بھائی چارے کو عام کرنا چاہئے اس سے ملک مضبوط اور ترقی کرتا ہے ۔ خواجہ معین الدین حسن چشتی اجمیری صاحب نے بھی ہم سب کو یہی پیغام دیا ہے ۔ اس موقع پر عرس کمیٹی کے رکن پرویز نور، محمد مصطفی، اسلام الدین، وقار بھوپالی، فہیم الدین سیفی ، عظمت اقبال (مونا)فرقان قریشی، فاروق احمد اور عمیر وغیرہ موجود تھے۔