उर्दू

وقف بورڈ میں گوجر برادری کو شامل نہیں کرنے کیخلاف گوجر بھائی چارے کا پھوٹا غصہ

 پنجاب بھر میں عام آدمی پارٹی امیدوار کا کریںگے بائیکاٹ ۔ حاجی فقیر محمد

جالندھر (مظہر): پنجاب وقف بورڈ اور مینارٹی کمیشن میں  بطور ممبر گوجر برادری کو شامل نہیں کرنے سے  پنجاب بھر کے گوجر برادری میں عام آدمی پارٹی کے تئیں غصہ پھوٹ پڑا ہے۔
 گوجر چیریٹیبل ٹرسٹ کے بانی  صدر حاجی فقیر محمد نے  آج پریس کو جاری بیان میں کہاکہ  کل مکھیہ منتری بھگونت مان نے  وقف بورڈ ممبروں کا اعلان کیا ہے  جس سے  عام آدمی پارٹی سرکار  کا چہرہ کھل کر سامنے آگیاہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پنجاب بھر میں مسلم  گوجر برادری کے لوگ عام آدمی پارٹی  امیدوار کو کالے جھنڈے دکھاکر  مخالفت کریںگے  اور ہر   حلقے و محلے میں گھسنے نہیں دیںگے۔ حاجی فقیر محمد نے کہاکہ  عام آدمی پارٹی  کے بڑے لیڈروں و  ودھائیکوں نے گوجر بھائی چارے کے لوگوں کو  الیکشن کے وقت یقین دلایا تھاکہ ان کو سرکار میں نمائندگی دی جائے گی لیکن آج دو سال بیت جانے کے بعد بھی عام آدمی پارٹی نے ریوڑیاں تو بانٹ دی ہیں لیکن گوجر بھائی چارے کے لوگوں کو اغنور کیا ہے۔ گوجر بھائی چارے کو نہ تو  وقف بورڈ میں  اور نہ ہی مینارٹی کمیشن  میں شامل کیاگیا جس سے گوجر بھائی چارے میں بھاری غم وغصہ پایا جارہاہے۔
حاجی فقیر محمد نے کہاکہ  آنے والے الیکشن میں گوجر برادری کے لوگ سرکار مخالف ووٹ کریںگے، پنجاب  بھر کے گوجر بھائی چارے کے لوگ اپنے آپ کو عام آدمی پارٹی سے ٹھگا ہوا محسوس کررہاہے۔ انہوں نے کہاکہ گوجر چیریٹیبل ٹرسٹ کے بینر تلے  اسی ہفتے آل  پنجاب گوجر میٹنگ بلائی جائے گی تاکہ آنے والے الیکشن میں گوجر برادری کے لوگ  اپنی رن نیتی طے  کرسکیں۔
حاجی فقیر محمد نے کہاکہ  پی ڈبلیو ڈی منتری بلکار سنگھ نے  اپنے منترالیہ سے گوجر بھائی چارے کی فلاح و بہبود کیلئے   ایک بھی روپے نہیں دیئے  بلکہ انہوں نے وقف بورڈ ایڈمنسٹریٹر ایم ایف فاروقی کے ذریعے جاری کئے گئے گرانٹوں کو اپنی واہ  واہی  اور کریڈٹ لینے کیلئے اس برادری کو  استعمال کیا ہے۔ انہوں نے چیتاونی دی کہ آنے والے الیکشن میں عام آدمی پارٹی کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔