उर्दू

الشفا ہاسپٹل نے ایک سال میں 13383 مریضوں کو مفت ڈائلیسیس کی سہولت فراہم کی

ڈائلیسیس سے بچنے کے لیے لوگ فطری زندگی گزاریں / ڈاکٹراحمد منہاج الدین

نئی دہلی , الشفا ہاسپٹل جامعہ نگر میں گزشتہ ایک سال سے مفت ڈائلیسیس سینٹر کو ایک سال مکمل ہوگئے ۔ گزشتہ ایک سال کے دوران الشفا ہاسپٹل نے 13383 مریضوں کو مفت ڈائلیسیس کی سہولت فراہم کی ہیں۔ الشفا نے مفت ڈائلیسیس سینٹر کی شروعات گزشتہ سال رمضان کے پہلے ہفتے سے کیا تھا ۔

الشفا ہاسپٹل کے ڈائریکٹر ڈاکٹراحمد منہاج الدین نے کہا ” گردے کی بیماری معاشرے میں وبا کی شکل اختیار کرتی جا رہی ہے اس کی بنیادی وجہ ہماری روز مرہ کی لائف اسٹائل ہے۔ الشفا ہاسپٹل کے ڈائلیسیس سینٹرکی کارکردگی رپورٹ جاری کرتے ہوئے انہوں نے بتایا ” دس مارچ 2024 تک الشفا نے پچھلے 6 برس میں 54206 ڈائلیسیس کی گئی “۔

” انہوں نے بتایا یہاں فی الحال 18 مشین دستیاب ہیں جن پر ہر روز تین شفٹوں میں54 ڈائلیسیس کر پاتے ہیں اسی لیے ہر ماہ مریضوں کو طویل انتظار کرنا پڑتا ہے۔ ایک مریض کو ایک ماہ میں کم ازکم 12 ڈائلیسیس کی ضرورت پڑتی ہے ۔ ایک ڈائلیسیس پر کم ازکم 2 ہزار کا خرچ آتا ہے ۔ اس حساب سے الشفا کو ماہانہ 20 لاکھ روپئے تک کا خرچ صرف ڈائلیسیس پر کرنا ہوتا ہے ” ۔

ڈاکٹراحمد منہاج الدین نے رمضان کے موقع پر اہل خیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ لوگوں کی جان بچانے میں الشفا ہاسپٹل کے اس پہل کا ساتھ دیں ۔ مشینیں جتنی زیادہ ہوں گی زیادہ مریضوں کوفائدہ پہونچایا جا سکتا ہے ۔ ایک مشین کی قیمت ساڑھے سات لاکھ روپے ہے۔

ڈاکٹر منہاج الدین نے کہا لوگ فطری زندگی گزاریں اپنے سونے جاگنے کھانے پینے کی عادات پر قابو پاکر اس مہلک بیماری سے بچ سکتے ہیں ۔