उर्दू

اردو رابطہ کمیٹی کیجانب سے نئے ڈائریکٹر کاخیرمقدم ‌



بھاگلپور: اردو رابطہ کمیٹی، بھاگلپور کی خصوصی میٹنگ تنظیم ہذہ کے صدر ڈاکٹر شاہد رضا جمال عرف شاہد رزمی کی صدارت میں بھیکن پور واقع ثمر کاٹج میں منعقد ہوئی جس میں رابطہ کمیٹی کے مجلس عاملہ اور دیگر ممبران نے شرکت کی جن میں تنظیم کے سیکرٹری ڈاکٹر ارشد رضا، اسد اقبال رومی، ڈاکٹر صدیق،تسنیم کوثر،قمر امان ،سجاد عالم ،شاداب وغیرہ موجود تھے۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر شاہد رزمی نے کہا کہ قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کو نیا اور فعال ڈائریکٹر مل گیا ہے جس کا نام ڈاکٹر شمس اقبال ہے۔ ان کا تعلق صوبۂ بہار سے ہے اور حسن اتفاق سے وہ جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کے سابق طالب علم ہیں غالباً وہ
جے این یو کے دوسرے شخص ہیں جو اس پر وقار عہدے پر فائز ہوئےہیں۔انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر شمش اقبال کی سرپرستی میں کونسل معیار کے نئے ہدف طے کرے گی۔ ڈاکٹر رزمی نے میڈیا اور چند اخبارات میں شائع بے بنیاد اور گمراہ کن الزامات سے متعلق رپوٹوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک سازش کا حصہ ہے جو اردو کے فروغ کے لیے سم قاتل ہے۔انہوں نے مزید اس بات کا اعادہ کیا کہ ڈاکٹر شمس اقبال این بی ٹی، نئی دہلی اور کونسل میں بحیثیت پی پی او کے اپنے سابقہ تجربات کو بروئے کار لا کر اردو کے فروغ اور ترویج و اشاعت میں یقینا معاون و مدد گار ہوں گے۔
ڈاکٹر ارشد رضا نے نئے ڈائریکٹر کو مبارک باد دیتے ہوئے ان کی آئندہ بہتر کارکردگی کی دعا کی اور ان کی تقرری کو کونسل کے لیے نیک فال قرار دیا۔
اسد اقبال رومی نے کہا کہ عرصے کے بعد کونسل کو لیاقت اور صلاحیت نیز تجربات کے سنگم والا ڈائریکٹر دستیاب ہوا ہے جو کونسل کے ساتھ ساتھ اردو کے لیے اچھی خبر ہے۔
قمر امان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کا سینٹر بھاگلپور اور اطراف کے اضلاع میں قائم کیا جائے تو یہاں کی اردو آبادی زیادہ مستفید ہوگی۔ شرکائے مجلس کے دیگر ممبران ڈاکٹر صدیق اورشاہداب نے بھی اظہار خیال کیا اور نئے ڈائریکٹر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے بہتر کارکردگی کی تمنا کی۔
پروگرام کے اخیر میں سجاد عالم نے اظہار تشکر کیا۔