उर्दू

انڈین یونین مسلم لیگ دہلی میں’’ انڈیا‘‘اتحاد کی حمایت کرے گی

پورے ملک میں تمام سیکولر پارٹیوں کے اتحاد سے بی جے پی گھبراگئی ہے:مولانا نثار احمدنقشبندی

نئی دہلی۔ انڈین یونین مسلم لیگ(آئی یو ایم ایل ) دہلی پردیش کمیٹی کے ریاستی صدرمولانا نثار احمد نقشبندی نے ایک پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کمیٹی کی ہدایات کے مطابق ہماری پارٹی انڈین یونین مسلم لیگ دہلی پردیش کمیٹی لوک سبھا کی کل7 نشستوں کے لیے اپنا کوئی امیدوار نہیں اتار رہی ہے۔ دہلی ریاستی کمیٹی اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے کہ ہماری پارٹی قومی سطح پر انڈیا اتحاد(I.N.D.I.A ALLIANCE) کے ساتھ ہے، ہماری پارٹی کے کارکن بھی اس لوک سبھا الیکشن میں قومی راجدھانی دہلی کے 7 لوک سبھا حلقوں میں اتحاد کے تمام امیدواروں کو کامیاب بنانے کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں گے تاکہ ان کی جیت ہوسکے اور مرکز میں سیکولر حکومت قائم ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ پورے ملک میں سیکولر پارٹیوں کے اتحاد سے بی جے پی گھبرائی گئی ہے اور اسے اپنی شکست دیکھائی دینے لگی ہے۔یہی وجہ ہے کہ بی جے پی اپوزیشن کو دبانے اور بدنام کرنے کی طرح طرح کی کوشش کررہی ہے۔ پارٹی کے ریاستی جنرل سکریٹری شیخ فیصل حسن نے کہا کہ ہماری پارٹی کا ایک وفد جلد ہی ریاست دہلی میں انڈیا اتحاد میں شامل عام آدمی پارٹی اور کانگریس کے رہنماؤں سے ملاقات کرے گا اور انہیں اپنی حمایت کا خط پیش کرے گا۔