उर्दू

ڈاکٹر شاہد رضا جمال کو اعزاز سے نوازا گیا

بھاگلپور، ونود بہاری مہتو کوئلانچل یونیورسٹی ،دھنباد(بی۔بی۔ایم۔کے) کے تحت اسسٹنٹ پروفیسر کی تقرری کے لئے ڈاکٹر شاہد رضا جمال (شاہد رزمی )صدر شعبہ اردو، یونیورسٹی پی جی ڈپارٹمنٹ ، مونگیر یونیورسٹی، مونگیر کو سبجیکٹ ایکسپرٹ کے طور پر مدعو کیا گیا۔جس کے ذریعے شعبۂ اردو بی بی ایم کے میں اسسٹنٹ پروفیسر اردو کے لئے انٹر ویو ہونا تھا۔ انٹر ویو ہذا سے قبل کوئلانچل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پون پوددار نے شال اور میمنٹو پیش کر کے ڈاکٹر شاہد رضا جمال کی عزت افزائی کی۔اس موقع پر ڈین ہیومینیٹیز ،رجسٹرار اور کوئلانچل یونیورسٹی کے شعبہء اردو کے صدر ڈاکٹر موصوف احمد وغیرہ موجود تھے۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پون پوددار نے ڈاکٹر جمال کی فعالیت کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ کئی شعبوں میں سرگرم عمل ہیں اور اپنی یونیورسٹی کے لئے ایک اثاثہ سے کم نہیں۔


سلیکشن کمیٹی کے بعد ڈاکٹر شاہد رزمی نے کے یونیورسٹی شعبۂ اردو بی۔بی۔ایم۔کےکا بھی دورہ کیا اور جہاں انہوں نے اپنا خصوصی خطبہ بعنوان ‘اردو کا تابناک مستقبل’ پیش کیا۔ صدر شعبۂ اردو ڈاکٹر موصوف احمد نے ڈاکٹر شاہد رزمی کی اردو کی ترویج و اشاعت میں کوشاں رہنے کی بھرپور پذیرائی کی ۔دریں اثنا شعبہء ہذا کے طلبہ وطالبات اور اساتذہ سے تبادلۂ خیال کیا۔اس موقع پر اردو شعبہ کے صدر ڈاکٹر موصوف احمد، ڈاکٹر عبدالمتین ،ڈاکٹر عالمگیر ساحل،الیاس انصاری،شہباز کے علاوہ شعبے کے متعدد ریسرچ اسکالر وغیرہ موجود تھے۔اس موقع پر ڈاکٹر موصوف احمد نے اپنی کتابوں کا ایک سیٹ بھی ڈاکٹر شاہد رزمی کی خدمت میں بصد خلوص پیش کیا۔