उर्दू

دنیا میں آزمائشوں کاسامنا کرنے والے قیامت میں خوش ہوجائیں گے : محمد اقبال

آگرہ ۔ نہر والی مسجد کے خطیب محمد اقبال نے آج خطبہ جمعہ میں لوگوں کو دنیا کی آزمائشوں کے بارے میں بتایا ، انھوں نے کہا ، “ اگر اللہ تمہیں کوئی تکلیف پہنچاے تو خود اس کے سوا ، اسے دور کرنے والا کوئی نہیں “ سورہ انعام آیت نمبر 17 ۔ اس لئیے ہمیں دنیا کی کسی بھی پریشانی یا کسی آزمائش کو منجانب اللہ سمجھتے ہوئے اسی کی طرف متوجہ ہونے کی ضرورت ہے ۔ ہم بہت جلدی مایوس ہوجاتے ہیں ، اور لوگوں سے اس کو “ بیان “ بھی کرنا شروع کر دیتے ہیں ، ایک سبق آموز مقولہ پڑھا تھا وہ آپ کو شیئر کر رہا ہوں غور سے سنیں “ جب آپ ہنستے ہیں تو دنیا آپ کے ساتھ ہنستی ہے ، مگر جب آپ روتے ہیں تو دنیا آپ کے اوپر ہنستی ہے “ اس نقطہ کو سمجھنے کی ضرورت ہے ، دنیا میں ہر ایک کو اپنی لڑائی خود لڑنی پڑتی ہے ، دوسرا نہیں لڑتا ، ہم اپنی ناکامی کے خود ذمہ دار ہیں ، اپنے مسائل میں دوسروں کو شامل نہ کریں ، یہ بہت بڑی “ حماقت “ ہے ۔ ابھی جو مقولہ سنا ہے اس کو ہمیشہ یاد رکھیں ، ایک حدیث ہم سب کے لیے بہت ہی امید والی ہے ، ترمذی کی حدیث نمبر 2402 میں بتایا گیا ہے “ دنیا میں جن لوگوں کو آزمائشوں کا سامنا کرنا پڑا تھا روز قیامت ان کو ملنے والا اجر وثواب دیکھ کر اہل عافیت ( جن کو تکلیفوں کے بغیر زندگی ملی ) تمنا کریں گے کہ کاش دنیا میں ان کی کھالیں قینچيوں سے کتری جاتیں “ ۔ تو اس لیے ہمیں آزمائشوں میں صرف اللہ کی طرف ہی “ متوجہ “ ہونا ہے ، اسی سے اپنی بات کہنی ہے ، دوسرا کوئی آپشن نہیں ، اللہ ہم سب کو اس کی توفیق عطا فرماے، آمین۔