شمال مشرقی دہلی کے برج پوری میں علماء کے لیے یہ پروگرام جلد شروع ہوگا / ڈاکٹر عارف ندوی
نئی دہلی : آئیڈیل ریلیف ٹرسٹ کی پہل رنگ لائی. جامعہ نگر کی مساجد کے ائمہ کرام اور موذن صاحبان جنھوں نے تین ماہ قبل آئی ایس ٹی سی جامعہ نگر میں کمپیوٹر کورس میں داخلہ لیا تھا ،کامیابی کے ساتھ کورس مکمل کرلیا اور انہیں سرٹیفیکیٹ تقسیم کر دی گئ ۔ یقینا یہ ائمۂ مساجد کی صلاحیتوں میں اضافہ کے لیے ایک باوقار کوشش کہی جا سکتی ہے ۔ اس کورس کا اعلان گزشتہ دنوں مسجداشاعت اسلام میں مجلس العلماء نئی دہلی کے تحت منعقدہ علما کے ایک پروگرام میں کیا گیا تھا ۔
” انویشن اینڈ اسکل ٹریننگ سینٹر ” جامعہ نگر میں وژن 2026 کے تحت نوجوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کے لیے قائم کیا گیا ہے ،یہاں کمپیوٹرکورس ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور نرسنگ سمیت دیگر کورسز چلا ئے جا رپے ہیں ۔
اس موقع پر ‘آئیڈیل ریلیف ٹرسٹ’ کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر عارف ندوی نے مختلف سرگرمیوں کا تعارف کرایا اور اگلا بیچ شروع کرنے کا اعلان کیا نیز یہ بھی اطلاع دی کہ عنقریب شمال مشرقی دہلی کے برج پوری میں قائم سینٹر میں بھی علما کے لیے کمپیوٹر ٹریننگ کا یہ پروگرام شروع کیا جا رہا ہے ۔
امیر جماعت اسلامی ہند حلقہ دہلی سلیم اللہ خاں نے اپنی گفتگو میں جماعت کی بعض سرگرمیوں سے روٗشناس کرایا ۔ مہمان خصوصی ڈاکٹر رضی الاسلام ندوی نے اس کورس سے فائدہ اٹھانے والوں کو مبارک باد دی ، کہا کہ آپ نے اپنے اوقات کا بہتر استعمال کیا اور مساجد کی امامت و خطابت اور مکاتب کی تدریس کے ساتھ اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کی فکر کی – اگر مختلف صلاحیتیں پیدا کرلی جائیں اور ان میں مہارت حاصل کرلی جائے تو اس سے خاصی مالی منفعت بھی حاصل کی جاسکتی ہے۔ اس موقع پر مسجد اشاعت اسلام کے امام قاری عبدالمنان بھی موجود تھے ۔ پروگرام کی نظامت وژن 2026 کے روزگار فراہمی شعبے کے انچارج نور محمد نے کی ۔