उर्दू

پریس کلب آف انڈیا اور یونین آف جرنلسٹس آف ازبکستان کے مابین مفاہمت نامے پر دستخط

اکنامک ٹائمز کے ڈپلومیٹک ایڈیٹر دیپا نجن رائے چودھری ‘گولڈن پنسل انٹرنیشنل’ ایوارڈ سے سرفراز کیے گئے

نئی دہلی :  پریس کلب آف انڈیا اور یونین آف جرنلسٹس آف ازبکستان نے پریس کلب آف انڈیا میں منعقد تقریب میں ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے ہیں ۔ اس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون ،کوریج کو فروغ دینا اوردونوں ممالک کے میڈیا اداروں کے درمیان باہمی تعلقات کو مضبوط بنانا ہے ۔

اس مفاہمت نامے پر پریس کلب آف انڈیا کے صدر گوتم لہری اور ازبکستان کے صحافیوں کی یونین کے قائم مقام چیئرمین سلیموف خولمورود خوجائیوچ نے ازبکستان کے سفیربرائے ہند سرودار رستم بائیف کی موجودگی میں دستخط کئے ۔

ازبک ایلچی نے ہندوستان اورازبکستان کے درمیان قریبی تاریخی اور ثقافتی رشتوں کی ستائش کی اور امید کا اظہار کیا کہ آنے والے وقتوں میں دونوں ممالک کے عوام سے عوام کے رابطے مزید بڑھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ازبکستان ، دہلی سے بمشکل دو گھنٹے کی پروازکی دوری پر ہے۔ یہ خوش آءند بات ہے کہ ہندوستان سے آنے والے بہت سے سیاح بہت تیزی سے ازبکستان کو سیاحت کے لیے ترجیح دے رہے ہیں ۔

اس موقع پراکنامک ٹائمز کے ڈپلومیٹک ایڈیٹر دیپا نجن رائے چودھری کو وسطی ایشیا کے خطہ پر لکھنے کے لیے ازبکستان کا گولڈن پنسل انٹرنیشنل ایوارڈ دیا گیا۔ پریس کلب نے ازبکستان کے صحافیوں کے وفد کو مبارکباد دی ۔