उर्दू

نئی نسل کودینی و عصری دونوں ہی تعلیم سے آراستہ کرانے کی ضرورت ہے


ممبئی , جمعیۃعلماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) کی مجلس عاملہ کی جائزہ و بجٹ میٹنگ دفتر جمعیۃ علماء مہاراشٹر واقع امام باڑہ ممبئی میں زیر صدارت مولانا مسعود احمد حسامی کارگزار صدر جمعیۃعلماء مہاراشٹرمنعقد ہوئی ،جس میں سالانہ بجٹ کی منظوری اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
قاری محمد ادریس انصاری (پونے) کی تلاوت سے میٹنگ کا آغاز ہوا، مفتی ابو ایوب قاسمی نے گزشتہ میٹنگ کی کارروائی پڑھ کر سنائی جس پر صدر مجلس نے تائیدی دستخط ثبت کئے۔
مولانا عبد العلیم فاروقی ؒ (نائب صدر جمعیۃعلماء ہند )،مولانا منیر احمدؒ (کالینا) ،ممبئی،مولانا محمد ذاکر قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء مہاراشٹر اور دیگر مرحومین کے لئے ایصال ثواب کیا گیا اور ان کی مغفرت اور بلندی درجات کے لئے دعا کی گئی ۔
مفتی محمد یوسف قاسمی خازن جمعیۃعلماء مہاراشٹر نے رمضان المبارک کی آمدنی کی رپورٹ پیش کی ،اور سال 2024-25 ؍کے لئے مختلف مدات میں بجٹ منظور کیاگیا۔
دینی تعلیمی بورڈ کی کارکردگی کو مزید فعال بنانے کے مقصد سے چند مقامات پر مکاتب کے قیام کی منظوری دی گئی، اسکالرشپ اور عام طبی امداد کو علی حالہ برقرار رکھتے ہوئے منتخب طلبہ کو یو پی ایس سی کوچنگ کے لئے امداد کرنے پر غور کیا گیا اور اس کا لائحہ عمل طے کرنے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی،جس کی مشاورتی میٹنگ 6؍جون بروز جمعرات ہونا طے پائی ہے ،جس میں اسکالر شب کے طریقہ کار وغیرہ کے لئے لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
مولانا حلیم اللہ قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء مہاراشٹر نےجمعیۃعلماء ہند کی ابتدائی ممبر سازی کی طرف متوجہ کرتے ہوئے فرمایا کہ ملک کے موجودہ حالات کے تناظر میں ضروری ہے کہ جمعیۃ علماء ہند کے زیادہ سے زیادہ ممبر بنائے جائیں اور۔ممبر سازی کی اس تحریک کے ذریعہ سے ایسی ہلچل پیدا کی جائے کہ ریاست کے ایک ایک شہر اور دیہات کے ہر فرد تک جمعیۃ علماء کا پیغام پہونچ جائے۔
مولانا نے مزید کہا کہ ممبر سازی کے عمل سے جمعیۃ علماء کا پیغام اور اس کی کار کردگی ہرگھر ہر فرد تک پہونچانے کا بہترین موقع ہوتاہے،جس میں جمعیۃ کا پیغام اوراس کی کار کردگی کوگھر گھر پہونچایا جاتا ہے۔ جمعیۃعلماء کے اغراض و مقاصد سے اتفاق رکھنے والا ہر بالغ مسلمان مرد و عورت ممبر بن سکتا ہے ۔ مولانا نے یہ بھی بتایا کہ جمعیۃعلماء ہند کی مجلس نے عاملہ نے ممبر سازی کی آخری تاریخ16؍مئی مقرر کی تھی ،لیکن پھر اس میں3؍ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے ،اب ابتدائی ممبر سازی کی آخری تاریخ 15؍اگست 2024 کر دی گئی ہے ۔
اخیر میں مولانا نے ریاست کی تمام ذیلی یونٹوں کے ذمہ داروں سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو وقت مقررہ کے اندر ہی اندر جماعت کا ممبر بنائیں۔صدر مجلس حافظ مسعود احمد حسامی کی دعا پر میٹنگ اختتام کو پہنچی۔
اس میٹنگ میں اراکین عاملہ میں سے مولانا اشتیاق احمد قاسمی (کرلاممبئی )حافظ محمد ذاکر صدیقی(بیڑ) حافظ عظیم الرحمٰن صدیقی (ممبئی ) قاری محمد یونس چودھری (مالونی ممبئی )مولانا محمد اسلم قاسمی (ملاڈممبئی)مولانا محمد زبیر قاسمی (پوئی ممبئی)مفتی حفیظ اللہ قاسمی (بھیونڈی)مولانا محمد عارف عمری (وسئی روڈ)مولانا عبد الصمد قاسمی (نالاسوپارہ)مولانا عبد القیوم قاسمی (مالیگائوں )الحاج مشتاق احمد صوفی (دھولیہ)قاری محمد ادریس انصاری (پونے)حافظ شیخ خلیل اللہ (بلڈانہ)مفتی محمد محسن قاسمی (اورنگ آباد ) مفتی مرزا کلیم بیگ ندوی (پربھنی) مدعوئین خصوصی میں سے مولانا عظیم الدین ندوی (آکولہ)مفتی محمد ہارون ندوی (جلگائوں )مولانا امتیازاقبال (مالیگائوں )قاری عبد الرشید حمیدی (پربھنی) حاجی محمد صغیر خان (امبر ناتھ) مولانا عبد القیوم قاسمی (کاجوپاڑہ ممبئی )حاجی محمد قریش صدیقی (نوی ممبئی) حافظ محمد علی ملا (سانگلی)مولانا صدر عالم قاسمی (سانگلی )نے بطور خاص شرکت کی