उर्दू

مونگیر یونیورسٹی کے زیر اہتمام سمینار بعنوان خاکہ برائے تحقیق کا انعقاد



بھاگلپور :یونیورسٹی پی جی اردو ڈپارٹمنٹ ،مونگیر یونیورسٹی، مونگیر کے زیر اہتمام ریسرچ اسکالروں پر مشتمل ایک سمینار بعنوان خاکہ برائے تحقیق منعقد ہوا جس میں خاکہ برائے تحقیق (Synopsis) سے متعلق مراحل، درجہ بندی اور دیگر تفصیلات پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ اس میٹنگ کی صدارت شعبٔہ ہذا کے صدر ڈاکٹر شاہد رضا جمال نے کی جبکہ معاون کار کے طور پہ ڈاکٹر ذکیہ تسنیم موجود تھیں۔ سمینار برائے خاکہ کی ترتیب و تنظیم میں جن اسکالروں نے شرکت کی ان کے اسمائے گرامی حسب ذیل ہیں۔جن میں جناب عبدالسلام ،جناب تسنیم کوثر، جناب شہاب الدین، جناب نجم الدین، جناب جیمی ،جناب رضوان احمد خان،جناب واجد علی، محترمہ مریم ،محترمہ شگفتہ جبیں وغیرہ کے اسمائے گرامی قابل ذکر ہیں۔ سیمینار ہذا میں جناب عبدالسلام نے اپنا پرچہ یا خاکہ برائے تحقیق بہ عنوان منٹو اور عصمت کے خاکوں کا تقابلی مطالعہ پیش کیا۔ جناب تسنیم کوثر نے خانقاہ شہبازیہ کی ادبی خدمات کو موضوع بنایا جبکہ شگفتہ جبیں نے منٹو اور موپاشاں کے افسانوں کا تقابلی مطالعہ پیش کیا۔ اس موقع پر محمد جیمی نے ایکیسویں صدی کے افسانوں کا تنقیدی اور تجزیاتی مطالعہ پیش کرنے کی کوشش کی۔جبکہ نجم الدین نے خانقاہ رحمانی اور ولی رحمانی کی ادبی اور لسانی اور فلاحی خدمات کو موضوع بحث بنایا اس کے علاوہ بھی کئی اسکالروں نے اہمیت کے حامل موضوع کو اپنے خاکے کا موضوع بنایا۔
اس موقع پر شعبہ کے طلبہ وطالبات کو نمایاں کارکردگی کے صلے میں جنہوں نے شعبے کا نام روشن کیا ان کی عزت افزائی کی گئی۔ان میں
محمد افضل برائے سماجی خدمات،احسان اللہ اور یکصا پروین برائے اسپورٹس،محمد جمی اور منیش برائے سیمینار وغیرہ کو میڈل دے کر سرفراز کیاگیا۔اس موقع پر سعد اللہ،ابھیشیک ، گلشاد ،ترںم وغیرہ موجود تھے۔ اظہار تشکر محمد تسنیم کوثر نے کیا۔