उर्दू

پوترا پورٹل اساتذہ بھرتی 2022اردو میڈیم امیدواروں کے لئے کنورٹڈ راؤنڈ جلد از جلد شروع کیا جائے : شیخ عبدالرحیم

ریاست کے تعلیمی سیکرٹری کو محضر پیش ۔۔۔

اورنگ آباد ,ریاستی حکومت کی جانب سے جاری اساتذہ بھرتی کے تحت اردو میڈیم اساتذہ کی محفوظ اسامیوں کو کھلے زمرے کے امیدواروں سے پر کرنے کے لئے کنورٹڈ رائونڈ جلد از جلد شروع کرنے کا مطالبہ مہاراشٹر راجیہ جنی پنشن حق سنگھٹنا کی جانب سے کیا جارہا ہے ۔ اس سلسلے میں تنظیم کے ریاستی ترجمان شیخ عبد الرحیم نے ریاستی سیکرٹری آف ایجوکیشن کو ایک محضر پیش کیا۔
تفصیلات کے مطابق پوترا پورٹل-2022 کے معرفت حکومت مہاراشٹر کی جانب سے ریاست کے سرکاری و نیم سرکاری اور خانگی اسکولوں میں درس وتدریس کی خدمات انجام دینے کے لئے اساتذہ کی بھرتی عمل میں آرہی ہے ۔ تاہم بھرتی کا یہ عمل انتہائی سست روی کا شکار ہے ۔ کبھی تکنیکی اور کبھی انتظامی وجوہات کے سبب اپنے آغاز سے ہی اساتذہ بھرتی میں تاخیر ہوتی چلی آرہی ہے ۔ اسی دوران لوک سبھا کے عام انتخابات کے ضمن میں ملک بھر میں مثالی ضابطہ اخلاق نافذ کردیا گیا اور لوک سبھا انتخابات ختم ہوتے ہی ودھان پریشد انتخابات کے ضمن میں مہاراشٹر میں پھر سے ضابطہ اخلاق نافذ کردیا گیا ۔ امیدواروں کے مسلسل اصرار و مطالبات کے بعد الیکشن کمیشن نے ریاستی حکومت کو اساتذہ بھرتی کا عمل دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دی۔ بھرتی کے تحت دوسرا مرحلہ جاری ہے جس کے تحت محفوظ زمرے کے عدم دستیاب امیدواروں کی جگہ افقی بنیاد پر اسی زمرے کے دیگر امیدواروں سے اسامیوں کو پر کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ مہاراشٹر میں اُردو میڈیم اسکولوں کے لئے درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل امیدواروں کی کی عدم دستیابی پر ان اسامیوں کو کھلے زمرے کے امیدواروں سے پر کیا جاتا ہے ۔اس کے لئے خصوصی کنورٹڈ راؤنڈ روبہ عمل لایا جاتا ہے ۔تاہم پوترا پورٹل کے تحت اب تک یہ راؤنڈ شروع نہیں کیا گیا جس سے اردو میڈیم امیدواروں میں بے چینی بڑھ رہی ہے ۔ان امیدواروں کی جانب سے انفرادی اور اساتذہ تنظیموں کی معرفت حکومت سے پر زور مطالبہ کیا جارہا ہے کہ کنورٹڈ راونڈ جلد از جلد شروع کیا جائے تاکہ عنقریب شروع ہورہے تعلیمی سال میں طلبہ کو اساتذہ میسر آسکیں ۔