उर्दू

اللہ کے یہاں وہ بڑا ہے جو اللہ ” کی ” مانے ، یہ ہی حج کا پیغام ہے : محمد اقبال

آگرہ ۔ مسجد نہر والی کے خطیب محمد اقبال نے آج کے خطبہ جمعہ میں اسلام کے ایک اہم رکن حج کے بارے میں لوگوں سے خطاب کیا، انھوں نے کہا کہ حج کی سب سے بڑی اہمیت یہ ہے کہ حج کرنے والا اللہ کا مہمان ہوتا ہے ، یہ کتنی بڑی سعادت ہے کہ ہمارا میزبان پوری کائنات کا رب ، اور جو حج کرنے کی طاقت رکھتا ہو وہ حج نہ کرے تو وہ یہودی مرے یا نصرانی ، یہ کتنی بڑی محرومی ہے یعنی وہ اسلام سے ہی نکل گیا، انھوں نے آگے کہا کہ تقریباً ہر سال بیس لاکھ مسلمان اس عبادت کے لیے دنیا بھر کے ملکوں سے مکہ المکرمہ پہنچتے ہیں ، اور اپنے ملکوں کے لباس چھوڑ کر سب ایک ہی لباس میں نظر آتے ہیں ، یہ منظر اس قدر روح پرور ہوتا ہے ، کہ جیسے تمام انسانوں کے فرق مٹ گئے ہوں اور وہ سب عرفات کے وسیع میدان میں اپنے رب کے سامنے موجود ہوتے ہیں ، جیسے وہ کہہ رہے ہوں کہ ہمارا رب بھی ایک ہمارا رسول بھی ایک اور ہم سب بھی ایک ہی ہیں ، یہاں بادشاہ اور عوام سب ایک ساتھ ایک ہی لباس میں نظر آتے ہیں ، حج کا یہ اجتماع اس اہمیت کو بتاتا ہے کہ جس طرح ہم میدان عرفات میں ایک ہیں یہ ہی بڑا پیغام پوری دنیا کے انسانوں کے لیے ہے کہ سب آدم کی اولاد ہیں کوئی چھوٹا بڑا نہیں اللہ کے یہاں تو وہ بڑا ہوگا جو اللہ کو مانتے ہوئے “ اللہ کی مانے گا “ ۔ میدان عرفات میں ہی رسول اللہ نے جو خطبہ حج دیا وہ ہی آج اقوام متحدہ کا منثور ہے ، ہمیں اللہ کے نبی کا وہ خطبہ حج معلوم ہونا چاہیے ، کہ آپ نے دنیا کو کیا “پیغام “ دیا ، خطبہ حج نیٹ پر موجود ہے آپ ڈاؤن لوڈ کریں خود بھی پڑھیں اور اپنے بچوں کو بھی پڑھائیں ، یہ اصل فائدہ ہوگا نیٹ کو استعمال کرنے کا ،
ابن ماجہ کی یہ حدیث یاد رکھیں ، رسول اللہ نے فرمایا “ یعنی اللہ تعالیٰ اس کو خوش وخرم رکھے جو میری باتیں سنے پھر انھیں دوسروں تک پہنچاے “ ۔ اللہ ہم سب کو اس کی توفیق سے نوازے،