उर्दू

 یوگا خود کے لیے اور   معاشرے کےلیے

نئی دہلی،  : سنٹرل  کونسل فار ریسرچ ان یونی میڈیسن(سی سی آر یو ایم)، وزارت آیوش کے زیر اہتمام آج ایک ورچوئل پریس اجلاس کا انعقاد ہوا جس میں دسواں بین الاقوامی یوگا ڈے کے مرکزی خیال  ’ یوگا خود  کے لیے اور معاشرےکے لیے‘  کی اہمیت کو اجاگر کیا  گیا۔

اجلاس میں ڈاکٹر این ظہیر احمد، ڈائریکٹرجنرل ، سی سی آر یو ایم نے ’یوگا فار سیلف اینڈ سوسائٹی‘ (یوگا خود کے لیے اور معاشرے کے لیے)کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے  انفرادی اور سماجی دونوں سطح کی  بہبود کے فروغ میں یوگا کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انھوں نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر یوگا کے فروغ میں ایک دہائی کی پیش رفت کا جائزہ بھی پیش کیا۔ انھوں نے کہا کہ عالمی سطح پر یوگا کے فروغ میں  وزیر اعظم جناب نریندر مودی کا کلیدی رول رہا ہے۔ 2015 سے ہی وزیر اعظم مودی نے مختلف مشہور مقامات پر بین الاقوامی یوگا ڈے کی تقریبات کی قیادت کی ہے جس میں دہلی کی کرتویہ پتھ، چندی گڑھ، دہرہ دون، رانچی، جبل پور سمیت نیو یارک  واقع اقوام متحدہ صدر دفتر بھی شامل ہیں۔ ان کی قیادت نے یوگا کی عالمی مقبولیت اور شناخت میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔

انھوں نے اعداد و شمار بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دس سالوں میں بین الاقوامی یوگا ڈے نے چار گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ قائم کیے ہیں۔ 2015 میں، کل  35,985 ہندوستانیوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ راج پتھ پر یوگا ڈے میں حصہ لیا۔ کل 84 ممالک نے ایک ہی مقام پر یوگا سیشن میں حصہ لیا، اور دھیرے دھیرے ہر سال پوری دنیا سے شرکت کرنے والوں کی تعداد بڑھتی چلی گئی، اور پچھلے سال 2023 میں دنیا بھر سے کل  23.4 کروڑ لوگوں نے بین الاقوامی یوگا ڈے کی تقریب میں شرکت کی۔

انھوں نے مزید کہا کہ یوگا کے شعبے  میں ٹکنالوجی اور اسٹارٹ اپس کو فروغ دینے کے لیے وزارتِ آیوش نے MyGov پورٹل اور حکومت ہند کے MyBharat پورٹل پر ’یوگا ٹیک چیلنج‘ کا انعقاد کیا ہے جس کا مقصد ان اسٹارٹ اپس یا ان افراد کی شناخت کرنا اور انھیں آگے بڑھانا ہے جنھوں نے یوگا سے متعلق آلات، سافٹ ویئر اورضروری مصنوعات تیار کی ہیں۔

ڈاکٹر ایشور  بسواریڈی، سابق ڈائریکٹر، مرارجی دیسائی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف یوگا نے بین الاقوامی یوگا ڈے کے آغاز سے لے کر اب تک کے سفر پر روشنی ڈالی اور مجموعی صحت، سماجی اقدار اور ایک کنبے  کے احساس کو فروغ دینے میں اس کے کردار پر زور دیا۔ انھوں نے کہا،’’ یوگا دماغ اور جسم کے درمیان اتحاد ، توازن، خود پر قابو، اور مجموعی طور پر تندرستی کو فروغ دیتا ہے۔‘‘    انھوں نے عالمی وبا کے دوران ہونے والی ورچوئل تقریبات کا بھی ذکر کیا، جس میں جسمانی اور ذہنی صحت کو برقرار رکھنے میں یوگا کی اہمیت کو بطور خاص عوام میں اجاگر کیا گیا تھا۔

پریس اجلاس کی نظامت ڈاکٹر غزالہ جاوید، اسسٹنٹ ڈائریکٹر (یونانی)، سی سی آر یو ایم نے کی اور تقریباً 50 شرکا نے اپنی موجودگی درج کرائی۔