उर्दू

جب اللہ نے دنیا بنائی اسی وقت سے محرم سمیت چار مہینے افضل ہیں : محمد اقبال

آگرہ ۔ مسجد نہر والی کے خطیب محمد قبال نے آج کے خطبہ جمعہ میں اسلامی کیلنڈر کے بارے میں لوگوں کو جانکاری دی ، انھوں کہا کہ چند ہی دنوں میں ہم اسلامی کیلنڈر کے نئے سال 1446 ہجری میں داخل ہوجائیں گے ان شاءاللہ ، کیا ہم اسلامی کیلنڈر کے بارے میں کچھ جانتے ہیں ؟ یاد رکھیں جو قوم اپنی تاریخ کو یاد نہیں رکھتی ، تاریخ بھی اس کو بھلا دیتی ہے ، اسلامی کیلنڈر کے پہلے مہینہ محرم کو ہمارے بہت سے بھائی ایک خاص واقعہ کی وجہ سے جانتے ہیں ، اور اس مہینہ کو اچھا نہیں سمجھتے ، تو وہ یہ بات جان لیں ، کہ اللہ نے جب سے دنیا بنائی ہے تو اسی وقت سے چار مہینے “ محترم “ (احترام والے) ہیں ، ان چار مہینوں کو یاد کرلیں ، ذوالقعدہ ، ذوالحجہ ، محرم اور رجب ، سورہ توبہ آیت نمبر 36 اور بخاری کی حدیث نمبر 4662 میں بتایا گیا ہے “ کہ جب سے اللہ تعالیٰ نے دنیا کو بنایا اسی وقت سے چار مہینے “ محترم “ ہیں ، کسی خاص واقعہ کی وجہ سے اہمیت دینا یہ ہماری کم علمی کی وجہ ہے ، محرم کی پہلی تاریخ کو ایک عظیم صحابی کی شہادت ہوہی ، کتنے لوگ جانتے ہیں ؟ جی ہاں ہمارے دوسرے خلیفہ حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی شہادت محرم کی پہلی تاریخ کو ہی ہوہی ہے ، یہ ہمیں معلوم نہیں ، صرف دس تاریخ ہم کو یاد ہے ، اللہ کے بندو ! اپنی تاریخ یاد رکھو اپنے بچوں کو بھی یاد کراؤ ، ہم صرف رمضان ، عید کے چاند تک محدود ہو کر رہ گیے ہیں جب کہ ہر ماہ چاند دیکھنے کا انتظام ہوتا ہے مگر ہمیں کوئی دلچسپی نہیں ہے ، اگر چاند کی تاریخ کا کوئی مسئلہ آجاے تو دوسروں سے معلوم کرتے پھرتے ہیں ، ہمیں نہ اسلامی مہینوں کے نام معلوم ہیں اور نہ ہم تاریخ کا حساب رکھتے ہیں ، کون کرے گا یہ کام ؟ خود بھی یاد کریں اور اپنے گھر کے لوگوں کو بھی یاد کرائیں ، یہ بھی ایک ضروری حصہ ہے ، اللہ ہمیں اس کی توفیق عطا فرمائے، آمین ۔