उर्दू

جامعہ أحسن البرکات مارہرہ شریف سے تشنگان علوم نبویہ کا ایک اور قافلہ جامعہ ازہر مصر کے لیے روانہ

آفاق میں پھیلے گی کب تک نہ مہک تیری
گھر گھر لیے پھرتی ہے پیغام صبا تیرا

مارہرہ،الحمدللہ عزوجل! انتہائی مسرت و شادمانی کے ساتھ بندہ عرض پرداز ہےکہ عالمی شہرت یافتہ خانقاہ ،خانقاہ عالیہ قادریہ برکاتیہ مارہرہ شریف ایٹہ کے علمی و روحانی ماحول میں چلنے والا ادارہ “جامعہ احسن البرکات “ایک مضبوط دینی قلعے کی شکل میں متعارف ہوا ہے جو تقریبا پچھلی ایک دہائی سے طالبان علوم نبویہ کے عقائد و نظریات کے تحفظ اور انہیں علم و ادب کے حسین جوہر سے آراستہ کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کر رہا ہے جس کے پیش نظر یہ ادارہ اہل علم و دانش کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے یہاں کے علم دوست شہزادگان کی علم دوستی ، علماء پروری اور کرم فرمائیوں نیز اساتذہ جامعہ کی جہد مسلسل، تعلیم و تربیت اور خصوصی توجہات نے فارغین کے اندر تحصیل علم کا ایسا جذبہ پیدا کر دیا ہے کہ ان کی علمی تشنگی بھجنے کا نام نہیں لیتی یہاں تک کہ حضور صاحب البرکات کی برکتیں لے کر ، سرکار حمزہ عینی کی سخاوت سے حصہ پا کر ،حضور شمس مارہرہ کی عبادت و ریاضت کا صدقہ لیے، حضور احسن العلماء کے حسن و جمال کی تابشوں سے اپنے قلب و جگر کو روشن کر کے، تاج المشائخ سرکار امین ملت کی امانتوں کے پاسبان بن کر، ابا حضور کی شفقتوں کے زیر سایہ اپنے اساتذہ کرام و والدین کی دعائیں لیتے ہوئے جامعہ احسن البرکات سے فراغت کے بعد مزید حصول علم کے لیے عالمی یونیورسٹی جامعہ ازہر مصر کی طرف احسنی فارغین کے قافلے رواں دواں ہیں جو کہ جامعہ کے سرپرست اعلی، اساتذہ کرام اور فارغین کے اہل خانہ کے لیے بڑی خوشی اور فخر کی بات ہے
آپ کے گوش گزار کرتا چلوں کہ پانچ احسنی فارغین پر مشتمل ایک اور قافلہ ابھی حالیہ دنوں میں مصر کے لیے روانہ ہو چکا ہے جو جامعہ ازہر میں رہ کر اپنی علمی تشنگی کو بجھائے گا ان شاءاللہ تعالی ۔اللہ کرے ان کی یہ علمی تشنگی کبھی نہ بجھے آمین
ان محنتی اور خوش قسمت طلباء کے اسماء درجہ ذیل ہیں
مفتی محمد نظام رضا احسنی مصباحی
مفتی محمد توصیف رضا احسنی جامعی
مولانا سید محمد عسجد رضا احسنی
مولانا محمد ثاقب رضا احسنی
مولانا محمد فرمان رضا احسنی
الحمدللہ جامعہ احسن البرکات مارہرہ شریف سے جامعہ ازہر مصر جانے والے طلبہ کی تعداد اب تک دس مکمل ہو چکی ہے اللہ تعالی حضرات عشرہ مبشرہ کی برکت سے ان کے علمی سفر کو اسان فرمائے اور انہیں علم نافع سے مالا مال کرے آمین
مادر علمی جامعہ احسن البرکات کے سرپرست اعلی شفیق العلماء والطلبہ ابا حضور رفیق ملت اپنے ان ہونہار روحانی فرزندوں کے روشن مستقبل کے لیے دعا گو ہیں نیز استاذی الکریم شیخ محمد عرفان ازہری صدر المدرسین جامعہ احسن البرکات ، جملہ اساتذہ کرام اور جامعہ کے تمام ارباب حل و عقد اس مبارک وحسین موقع پر اپنے ان شاگردوں اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں مولیٰ تعالی انہیں ہمیشہ شاداں و فرحاں رکھے آمین