उर्दू

جہالت سے شہادت حسین و اسلام کا مذاق نہ بنائیں : مفتی محمد ہارون ندوی

ملّت مسجد ،مہرون جلگاؤں میں اہم ترین خطاب

جلگائوں , محرم کا مہینہ بہت بڑی نعمت ہے، یوم عاشورہ کی بڑی اہمیت ہے، رسول اللہ ﷺنے اپنے اصحاب کے ساتھ روزہ رکھا، 10 ؍محرم کو اللہ تعالیٰ نے اپنی عظمت و برکات کی مثالیں دی ہیں، یہ بہت بڑی نعمت ہے۔ ایک مہینہ اور ایک دن لیکن امت نے اپنی ناجائز حرکتوں سے اس مہینے اور اس دن کو غلط انداز میں پیش کیا اور وہ چیز پیش کی جو اسلام میں نہیں اور ہندو بھائیوں نے بھی اسے اسلام سمجھنا شروع کر دیا جو انہوں نے مسلمانوں کو کرتے ہوئے دیکھا۔
سڑک پر امت کے ناخواندہ جاھل لوگ یہ ناچ گانا، یہ ڈھول، یہ سواریاں، یہ تعزیے ، یہ ننگا پن، یہ تماشا، یہ سب اللہ کے رسول کے خلاف ہیں ۔ یہ سب یزیدیوں کے کرتوت ہیں حسینیوں کے نہیں، حسین اور اُن کے خاندان نے میدان جنگ میں بھی سجدہ نماز نہیں چھوڑی اور یہ ناچتے گاتے مسجد کے پاس سے گزریں گے اور نماز نہیں پڑھیں گے۔ یہ حسین سے محبت نہیں یہ ان پڑھ لوگ اسلام کو بدنام کر کے اسلام اور شہادت حسین کا مذاق اڑا رہے ہیں۔
میرے بھائیو! 10 محرم کا روزہ رکھو اور نبی کریمﷺ نے فرمایا 2 روزے رکھو۔ 9-10- یا 10-11 اس طرح 2 روزے رکھو، حسین کی شہادت کا مقصد سمجھو، انہوں نے بڑا پیغام دیا ہے، اسے اپنی شہادت سے سمجھا دیا۔ کہ کسی بھی حال میں ظالم کا ساتھ نہ دو، حالت جنگ میں بھی اللہ کا فرض ادا کرو، نماز نہ چھوڑو، کبھی ظالم اور جابر کے ساتھ نہ کھڑے ہو، شہید ہو جاؤ لیکن ظالم کا ساتھ نہ دو۔ اللہ کی خاطر اپنا خاندان قربان کر دو، اسلام کا جھنڈا ہمیشہ سربلند رکھو، ظالم کے آگے کبھی نہ جھکنا، یہ ہے اسلام کا پیغام، اور حضرت حسین اور ان کے اہل خانہ کی شہادت کا پیغام۔
اپنی جہالت اور بے وقوفی سے حضرت حسینؓ کی شہادت کو بدنام نہ کرو، محرم کے مہینے میں جو حرکتیں کرتے ہو، ہندو بھائیوں کو وہم ہو جاتا ہے کہ ان میں اور ہم میں کوئی فرق نہیں ہے۔ کفر اور اسلام کے درمیان کوئی فرق نہیں، وہ بھی وہی کام کر رہے ہیں جو ہم اپنے تہواروں میں کرتے ہیں ،گاتے، ناچتے، ڈھول بجاتے، مستی کرتے، دوسروں کی عبادت کرتے، ھم میں اور اسلام میں کیا فرق ہے؟ میرے بھائیو اپنے عمل سے حسین کی شہادت کا مذاق مت بناؤ ۔ایسے ھی پر اثر خطاب سے مفتی محمد ھارون ندوی نے ہزاروں مرد اور خواتین کو اللہ اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان سنایا ،
اِس موقع پر ملّت مسجد اور ملّت ہائی اسکول و کالج کے چیئرمن محترم رفیق شاہ سر ، رفیق پٹوے سر اور اساتذہ کے ساتھ سماج کے جوانوں اور بزرگوں وخواتین کی بڑی تعداد موجود تھیں ۔ محرم الحرام اور ہمارے عقیدے اِس اہم ترین عنوان پر یہ بڑا کامیاب اجتماع تھا ۔