उर्दू

اے ایم یو کے پروفیسر نے فیکلٹی ڈیولپمنٹ پروگرام میں خطبات دئے

علی گڑھ، : ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ سول انجینئرنگ کے پروفیسر رضوان احمد خان نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنیکل ٹیچرز ٹریننگ اینڈ ریسرچ (این آئی ٹی ٹی ٹی آر)، چندی گڑھ کے زیر اہتمام ’ایڈوانسڈ کنسٹرکشن میٹریل اینڈ ٹیکنیکس‘ کے موضوع پر منعقدہ فیکلٹی ڈیولپمنٹ پروگرام میں دو خطبات دئے۔
مائکروبیل کنکریٹ: میکانزم کی تفہیم اور اطلاقات کے موضوع پر اپنے پہلے خطبہ میں پروفیسر خان نے کہا کہ مائکروبیل کنکریٹ کیلشیم کاربونیٹ کو تبدیل کرنے کے لیے بیکٹیریا کا استعمال کرتا ہے، جو کنکریٹ میں خود کو ٹھیک کرنے والی دراڑیں لاتا ہے۔ انہوں نے کنکریٹ کے ڈھانچے کی پائیداری کو بڑھانے میں اسے مفید اور کارآمد بتایا۔
ان کا دوسرا خطبہ ’ایم ایس ڈبلیو آئی راکھ کا استعمال کرکے کنکریٹ کی مضبوطی اور پائیداری کو بڑھانے کی جدید تکنیک‘ کے موضوع پر تھا جس میں انھوں نے کنکریٹ بنانے میں میونسپل سالڈ ویسٹ انسینریشن(ایم ایس ڈبلیو آئی) راکھ کے استعمال پر ر وشنی ڈالی۔
پروفیسر خان نے واضح کیا کہ کس طرح ایم ایس ڈبلیو آئی راکھ کو سیمنٹ کے جزوی متبادل کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے جس سے کنکریٹ مضبوط ہوتا ہے اور اس کے منفی ماحولیاتی اثرات کم ہوتے ہیں۔