उर्दू

یوم ہیپاٹائٹس پر بیداری پروگرامو ں کا انعقاد

علی گڑھ، جے این میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ میڈیسن نے ہیپاٹائٹس بی، سی، اے اور ای کی وبا، طبی خصوصیات، انفیکشن کے راستے، تشخیص اور علاج کے بارے میں صحت عملہ بشمول پی جی ریزیڈنٹس، انٹرنز اور فیکلٹی ممبران میں بیداری پیدا کرنے کے لیے ایک سیمینار کا انعقاد کیا۔
شعبہ میڈیسن کے چیئرمین پروفیسر انجم پرویز نے بتایا کہ ہیپاٹائٹس کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ اس سیمینار میں صحت کی دیکھ بھال کرنے والے افراد کے لیے ٹیکہ کاری، اس کے بعد کی صورت حال اور انفیکشن کی صورت میں علاج وغیرہ کی اہمیت پر گفتگو کی گئی۔
اے آر ٹی سنٹر میں عوامی بیداری کے لیے ایک ہیپاٹائٹس کیمپ بھی منعقد کیا گیا، جس میں حاضرین کو اے آر ٹی سنٹر میں این وی ایچ سی پی کے تحت دستیاب حکومتی سہولیات کے بارے میں بتایا گیا اور انہیں ضرورت پڑنے پر جے این میڈیکل کالج اسپتال کے اوپی ڈی نمبر 23 میں ہیپاٹائٹس کی مفت جانچ اور اینٹی وائرل ادویات کے لیے رابطہ کرنے کا مشورہ دیا گیا۔