उर्दू

اے حافظو ! اللہ نے اپنی کتاب کے حفظ کے لیئے آپ کو چن لیا : مفتی ہارون ندوی

مدرسہ انوار العلوم جلگاؤں میں 10 حفاظ طلباء کی دستار بندی

جلگائوں ،اے حافظو! اللہ تعالیٰ نے اپنی مقدس کتاب قرآن کو آپ کے دل، دماغ اور سینے میں محفوظ کر دیا ہے، اب آپ حافظ قرآن ہوں گے، اللہ نے آپ کو کروڑوں بچوں میں سے چن لیا، آپ کو قیمتی ترین کتاب کا حافظ بنایا، یہ علم ہر علم سے بڑھ کر ہے ، یہ ڈگری دنیا کی تمام ڈگریوں سے بڑی ہے، اپنے آپ کو کمتر سمجھ کر احساس کمتری کا شکار نہ ہوں، اللہ کے اس انعام کی قدر کریں، اللہ دنیا میں آپ کی عزت بڑھائے گا اور آخرت میں اِس کا بہت بڑا اجر ملے گا، آپ کی سفارش پر بہت سے لوگوں کو جنت ملے گی، آپ کے والدین کو عزت کا تاج پہنایا جائے گا، اللہ آپ کو کہے گا کہ آیات قرآنی پڑھتے جا اور جنت کی سیڑھیاں چڑھتے رہیں، آپ کو اور آپ کے والدین آپ کے اساتذہ کو بہت بہت مبارک ہو ۔
اب آپ کو آگے بڑھنا ہے، قرآن کو سمجھنا ہے، اسے لوگوں تک پہنچانا ہے، اس کی گہرائیوں تک جانا ہے، یہ آپ کی آخری منزل نہیں، اب آپ کو عالم، مفتی اور مفسر بننا ہے، اس علم کو عام کرنا ہے، ایسی پیاری نصیحتیں جمعیت علماء ضلع جلگاؤں کے کے صدر اور آج کے عظیم الشان اجلاس کے صدر حضرت مفتی محمد ہارون ندوی نے اپنے بیان میں فرمائی ۔
مفتی صاحب نے والدین سے یہ بھی کہا کہ یہ بچے دنیا اور آخرت دونوں میں آپ کے کام آئیں گے، انشاء اللہ۔
جلگاؤں کے بہت قدیم ادارے مدرسہ انوار العلوم میں 10 بچوں کے حافظ قرآن ہونے کے موقع پر ایک شاندار اجلاس کا انعقاد کیا گیا تھا ، جس کی صدارت ملک کے مشہور و معروف عالم دین اور مقرر حضرت مفتی ہارون ندوی نے کی۔
اس موقع پر مدرسہ کے ناظم اعلیٰ حضرت مولانا قاری عقیل صاحب، مولانا عبدالمجید صاحب ندوی، قاری مشتاق صاحب، مولانا عبدالستار، حافظ اسحاق، مفتی افضل، مولانا مستقیم اور تمام اساتذہ، والدین، حفاظ کرام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ علمائے کرام اور شہر کے معززین کے ساتھ طلباء کے والدین بھی بڑی تعداد میں اجلاس میں شریک ہوئے ،
حضرت مفتی صاحب کی دعاء پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا ، اِس کامیاب اجلاس کی نظامت ادارے کے معلّم حضرت مولانا عبد الرحمن ملّی نے فرمائی ، قاری عبد السّتار صاحب نے کلمات تشکّر ادا کرتے ہوئے اجلاس کے اختتام کا اعلان کیا ۔