उर्दू

خواتین کی اختیار دہی پر لیکچر

علی گڑھ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے سنٹر فار کنٹینیونگ اینڈ ایڈلٹ ایجوکیشن اینڈ ایکسٹینشن (سی سی اے ای ای) نے خواتین کی اختیاردہی کے موضوع پر یونیورسٹی کے ایڈوانسڈ سنٹر فار ویمنس اسٹڈیز کی ڈائریکٹر پروفیسر عذرا موسوی کے لیکچر کا اہتمام کیا۔
پروفیسر موسوی نے اپنے خطاب میں کہاکہ تعلیم، تربیت، آگہی اور معاشی خود انحصاری خواتین کو بااختیار بنانے کے تصور کی بنیاد ہیں اور ان کے بغیر خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے کوئی بھی اقدام بے کار ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشی اختیار دہی سے خواتین کو وسائل، اثاثوں اور آمدنی سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملتا ہے اور مخصوص سیاسی یا سماجی تناظر میں نقطہ ہائے نظر کی تبدیلی کے لئے یہ اہم ہے۔
پروفیسر موسوی نے کہا کہ خواتین کے خلاف ہر قسم کے امتیازی سلوک کے خاتمے سے متعلق اقوام متحدہ کا کنونشن (سی ای ڈی اے ڈبلیو) خواتین کے لیے ملازمت کی جگہوں پر جنسی ہراسانی اور تشدد کے خلاف تحفظاتی اقدامات میں اضافے پر زور دیتا ہے۔
آخر میں سنٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شمیم اختر نے شکریہ ادا کیا۔