جمعیۃ علماء شرعی حدود میں رہتے ہوئے مسلمانوں کے ساتھ ساتھ غیر مسلموں کوبھی تعلیمی وظائف دیتی ہے: مولانا حلیم اللہ قاسمی
ممبئی ملک کی نمائندہ تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) نے اتوار کو ریاستی دفتر میں ہونہار اور مستحق طلبہ و طالبات کو اسکالرشپ تقسیم کرنے کی ایک تقریب مولانا حافظ مسعود حسامی کارگزار صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر کی صدارت میں منعقد کی ۔
جس میںمقامی رکن اسمبلی امین پٹیل ،حاجی بشیر موسیٰ پٹیل (چیرمین محمد حاجی صابو صدیق مسافر خانہ و سابق ایم ایل اے)،نظام الدین راعین (ترجمان کانگریس پارٹی)اور جے جے پولس اسٹیشن کے پی آئی جناب مختار شیخ نےبطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس تقریب میں معزز مہمانوں کے ہاتھوں 34؍ ہونہارطلباء و طالبات کو چیک دیکر اس مہم کا آغاز کیا گیا ۔ واضح رہے کہ ہر سال سیکڑوں کی تعداد میں طلبہ و طالبات اس اسکیم سے مستفید ہوتے ہیں ۔
رکن اسمبلی امین پٹیل نے جمعیۃ علماء ہند کی ملک و ملت کے لئے انجام دینے والی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے قومی صدر مولانا سید ارشد مدنی کی قیادت و رہنمائی میں انجام پانے والے اس نیک کام کی کھل کر ستائش کی۔اور جمعیۃعلماء مہاراشٹر دو بزرگ مولانا مستقیم احسن اعظمی ؒ سابق صدر اور الحاج گلزار احمد اعظمی ؒ سابق سکریٹری قانونی امداد کمیٹی کے خلا کا ذکر کرتے ہوئے دونوں مرحومین کے لئے دعائے مغفرت کی۔
امین پٹیل نے ایجوکیشن کے معاملہ پر روشنی ڈالتے ہوئے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ آج جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے پاس اپنی ضرورت لیکر آئے ہوئے ہیں ،جمعیۃعلماء آپ کی مدد کر رہی ہے ۔جب آپ اپنی تعلیم مکمل کر لیں اور قابل ہو جائیں تو آپ بھی جمعیۃعلماء کی مدد کریں ۔
نظام الدین راعین ترجمان کانگریس کمیٹی مہاراشٹرنے جمعیۃ علماء کے سیکولر کردار اور اس کی روشن تاریخ کو بیان کرتے ہوئے اسکالر شپ کی تقسیم پر جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے کارکنان کو مبارک باد پیش کی۔
جے جے پولس اسٹیشن کے پی آئی جناب مختار شیخ نے طلباء اوران کے سرپرستوں کو تلقین کی کہ وہ تعلیم حاصل کرنے میں اپنا دھیان مرکوز کریں اور قوم وملت اور ملک کی خدمت کے لیے اپنے آپ کو ابھی سے تیار کریں۔
جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے جنرل سیکریٹری مولانا حلیم اللہ قاسمی نے اس پروگرام کو بحسن وخوبی چلایا اور اس مہم کا پس منظر بتاتے ہوئے کہا کہ جمعیۃعلماء ایک عرصے سے طلبہ کے ڈراپ آؤٹ کو لیکر کافی فکر مند تھی ،ہمارا یہ احساس ہے کہ دیگر وجوہات کے ساتھ معاشی کمزوری بھی ڈراپ آؤٹ کا ایک اہم سبب ہے، اس لئے جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے بزرگ الحاج گلزار احمد اعظمیؒ نے یہ سلسلہ شروع کیا ہے
ہمارے دفتر سے وکالت کی تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو شہیدایڈوکیٹ شاہد اعظمی اسکالر شپ کے نام سے طالب علم کو مکمل فیس دینے کا اہتمام کیا جاتا ہے ۔ اوردرجہ ۵؍ سے اوپر کے تما م کورسیس کے طلباء کو جزوی وظیفہ دیا جاتا ہے۔
مولانا نے یہ بھی کہا کہ جمعیۃ علماء شرعی حدود میں رہتے ہوئے مسلمانوں کے ساتھ ساتھ غیر مسلموں کوبھی تعلیمی وظائف دیتی ہے۔کیونکہ جمعیۃعلماء انسنای خدمت میں مذہبی تفریق کی قائل نہیں ہے۔
تقریب کا آغازحافظ محمد عارف انصار ی جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء ضلع تھانےکی تلاوت کلام پاک سے ہوا ،جبکہ حافظ عظیم الرحمٰن صدیقی کے اظہار تشکراور صدر مجلس مولانا حافظ مسعود احمد حسامی کی دعا پر اختتام ہوا ۔
اس تقریب میںشرکت کرنے والے جمعیۃعلماء مہاراشٹرکے ذمہ داران و اراکین میں مولانا اشتیاق احمد قاسمی نائب صدر جمعیۃعلماء مہاراشٹر، مفتی محمد یوسف خازن جمعیۃ علماء مہاراشٹر ، مفتی حفیظ اللہ قاسمی ناظم تنظیم جمعیۃعلماء مہاراشٹر،اور اراکین مجلس عاملہ میںمولانا محمدعارف عمری، قاری محمد یونس ،مولانامحمد اسلم قاسمی ،مولانا محمد زبیر قاسمی کے علاوہ عبد الرشید زری والا،سراج الدین خان ممبئی و دیگر کے ہاتھوں موجود طلباء میں چیک تقسیم کیئے گئے ۔