उर्दू

چنار اردو کتاب میلے کے پانچویں دن ’بچوں کے ذہنی نشوونما میں قصہ خوانی کے اثرات‘ اور ’سارے جہاں سے اچھا‘ کے عنوان سے پروگرام کا انعقاد

سری نگر: قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے زیر اہتمام شعبہ اردو کشمیر یونیورسٹی کے اشتراک سے چنار اردو کتاب میلے کے پانچویں دن اردو پویلین میں صبح ساڑھے گیارہ بجے سے’ بچوں کے ذہنی نشوونما میں قصہ خوانی کے اثرات’کے عنوان سے پروگرام کا انعقاد کیا گیا اس پروگرام میں پروفیسر عارفہ بشری صدر شعبہ اردو اور ڈین فیکلٹی آف آرٹس، کشمیر یونیورسٹی،ڈاکٹر شبیر حسین شبیر، ڈاکٹر مبارک لون اور ڈاکٹر الطاف احمد نظامی وغیرہ نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مقررین نے قصہ خوانی کیا ہوتی ہے اور بچوں کے ذہنی نشوونما میں قصہ خوانی کے اثرات کس طرح مرتب ہوتے ہیں اور بچوں کی تربیت میں یہ کہانیاں کس طرح کا کردار ادا کرتی ہیں ان تمام پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی۔ڈاکٹر محی الدین زور نے اس پروگرام کی نظامت کی۔
اردو پویلین میں آج دوسرا پروگرام ’سارے جہاں سے اچھا‘ کے عنوان سے ہوا۔ اس پروگرام میں پروفیسر حمید نسیم رفیع آبادی، ڈاکٹر ستیش ویمل اور ڈاکٹر الطاف انجم نے مباحثے میں حصہ لیا۔ اس پروگرام کی نظامت ڈاکٹر مشتاق احمد گنائی ڈائریکٹر اقبال انسٹی ٹیوٹ آف کلچر و فلاسفی،کشمیر یونیورسٹی نے کی۔اس موقعے پر مقررین نے سارے جہاں سے اچھا اور حب الوطنی سے متعلق نظموں پر تفصیلی گفتگو کی۔


چنار اردو کتاب میلہ کے پانچویں دن بھی صبح سے ہی طلبا، اساتذہ اور شائقین کتب کی بھیڑ دیکھنے کو ملی۔ یہ چنار اردو کتاب میلہ/چنار بک فیسٹیول 25 اگست تک چلے گا۔ اردو پویلین میں 22 اگست کو ’ہم اور ہمارا ادبی ورثہ‘ کے عنوان سے مباحثہ صبح ساڑھے گیارہ بجے اور دوپہر ڈھائی بجے سے مشاعرہ خواتین کا انعقاد کیا جائے گا۔