उर्दू

مچھلی والے یونس علیہ السلام کےعمل سے ہی اللہ کو راضی کریں : محمد اقبال


آگرہ ۔ مسجد نہر والی کے خطیب محمد اقبال نے آج اپنے خطبہ جمعہ میں یونس علیہ السلام کی دعا کے بارے میں خطاب کیا ، انھوں نے کہا ، جس طرح حضرت یونس علیہ السلام بغیر اللہ کی اجازت سے اپنی قوم کو چھوڑ کر چلے گئے تھے ، اللہ تعالیٰ نے اس کی سزا کے طور پر ان کو مچھلی کے پیٹ میں ڈال دیا تھا ، آج کے زمانے میں مسلمانوں نے بھی بہت بڑی کوتاہی کی ہے ، انھوں نے اللہ کے پیغام کو اللہ کے بندوں تک پہنچانے کا عمل ایک طرح سے روک دیا ہے ، اور یہ بد ترین کوتاہی ہے ، جس سے بلا شبہ اللہ کی ناراضگی کی بات ہے ، چنانچہ موجودہ زمانے میں پوری ملت مسلمہ مسائل کے پیٹ میں ڈال دی گئی ، مسائل کی مچھلی نے ان کو نگل رکھا ہے ، یہ حالت کسی ایک ملک کی نہیں بلکہ دنیا کے تمام مسلم ممالک مسائل کے شکنجہ میں الجھے ہوئے ہیں ، ان کی ہر کوشش اس کی شدت میں کمی نہیں بلکہ اضافہ ہی کر رہی ہے۔ “ مسائل کی مچھلی “ کے پیٹ سے نکلنے کی ایک ہی شکل ہے ، مسلمان اپنی غلطی کا اعتراف کریں ، اور یونس علیہ السلام کے طریقے پر اللہ سے معافی مانگیں ، سورہ الانبیاء آیت نمبر 87 ، “ تیرے سوا کوئی معبود نہیں تو پاک ہے یقیننا میں ہی خطا کار ہوں “ اور اسی طرح ترمذی شریف کی حدیث نمبر 3505 میں بتایا گیا ہے ، کہ یونس علیہ السلام نے مچھلی کے پیٹ میں دعا کی “لاإله الله انت سبحانك إني كنت من الضالمين ” تیرے سوا کوئی معبود برحق نہیں ، تو پاک ہے میں ہی خطا کار ہوں ، یہ ایسی دعا ہے کہ جب بھی کوئی مسلمان اسے پڑھ کر دعا کرے گا تو اللہ تعالیٰ اس کی دعا قبول فرماے گا ، اس طریقے پر ہم دل سے دعا کریں اللہ کی طرف رجوع ہوں ، دوسری قوموں کو اپنا حریف سمجھنے کا مزاج ختم کریں اور ان سے مدعو والا معاملہ کریں ، اور ان پر دعوت الی اللہ کی ذمہ داریوں کو پورا کریں ، یہی مسائل کی مچھلی کے پیٹ سے نکلنے کا راستہ ہے ، جو یونس علیہ السلام نے اپنایا تھا اور اللہ نے معاف کیا تھا ، اس کو اپنا کر ہی ہم اللہ کو راضی کر سکتے ہیں ، اللہ ہم سب کو اس کی توفیق عطا فرمائے، آمین ۔