उर्दू

جموں وکشمیر میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی اپنی سرکار بنائیں گے:ایڈوکیٹ سنیل سیٹھی

ہمارا’سنکلپ پتر‘سماج کے ہرطبقے کے ساتھ انصاف اور ایک ترقی یافتہ جموں وکشمیرکی تعمیرکاضامن

کہایہ چناؤمحبان قوم اور قوم دشمن عناصرکے درمیان لڑائی ہے؛370کی بحالی کی وکالت کرنے والے عوام اورامن کے دشمن

جموں، :بھارتیہ جنتاپارٹی نے آج کہاکہ وہ بھاری اکثریت کے ساتھ جموں وکشمیرمیں اپنی سرکاربنائے گی کیونکہ دیگر جماعتوں کی طرح وہ گمراہ کن نعروں پر نہیں بلکہ امن وامان، تعمیروترقی اور انصاف پرمبنی ایجنڈے کے ساتھ میدان میں اتری ہے جس میں اس کے پاس وزیراعظم نریندرمودی کادس سالہ رپورٹ کارڈ ہے جس کی بدولت جموں وکشمیرکی تصویر اورتقدیر بدل چکی ہے۔پارٹی نے واضح کیاکہ جموں وکشمیرمیں نیشنل کانفرنس۔کانگریس الائنس کوبری شکست کاسامناہوگا کیونکہ ان کاایجنڈا علیحدگی پسندی، دہشت گردی اور بدامنی کی راہیں ہموارکرنے والاہے۔

                تفصیلات کے مطابق بھارتیہ جنتاپارٹی جموں وکشمیرکے ترجمانِ اعلیٰ ایڈوکیٹ سنیل سیٹھی نے آج یہاں پارٹی کے الیکشن میڈیا سینٹر میں پارٹی ترجمان وائی وی شرمااورمیڈیاانچارج ڈاکٹر پردیپ مہوترا کے ہمراہ پریس کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جموں وکشمیراسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتاپارٹی کی چناوی مہم کو مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ نے گنیش چترتھی کے مبارک موقع پرشروع کیاہے اورایک واضح پیغام جموں وکشمیرکے عوام کودیاہے کہ وہ امن اورترقی کی راہ پرگامزن اس جموں وکشمیر کو اسی طرح آگے بڑھانے کیلئے مفتی،عبداللہ،گاندھی خاندان کو اقتدار سے دوررکھے جو پھر سے یہاں دفعہ370بحال کرکے بدامنی اور ناانصافی کادورلانے کامنصوبہ بنائے ہوئے ہیں۔

                ایڈوکیٹ سنیل سیٹھی نے کہاکہ تاریخ گواہ ہے کہ بھارتیہ جنتاپارٹی نے جوبھی وعدہ کیاوہ وفاکیااس میں چاہئے ماضی دفعہ370کاخاتمہ ہویا پھر 2014کے چناوی منشور کے وعدوں کی بات ہو بھاجپانے95فیصدی وعدے پورے کئے اورپارٹی اپنے سنکلپ پتر2024میں کئے گئے سارے وعدے سوفیصد پوراکرے گی۔اُنہوں نے کہاکہ بھارتیہ جنتاپارٹی کے چناوی منشورمیں سماج کے ہرطبقے کیساتھ انصاف کاخاکہ کھینچاگیاہے کیونکہ پارٹی نے یہ سنکلپ پترلوگوں کے بیچ جاکراُن کے جذبات واحساسات کی بخوبی ترجمانی کرکے تیارکیاہے اورپارٹی اقتدارمیں آکران تمام وعدوں کوپوراکرے گی۔

                ایڈوکیٹ سنیل سیٹھی نے کانگریس کی خاموشی پرسوال اُٹھاتے ہوئے کہاکہ نیشنل کانفرنس کاایجنڈاستربرسوں بعدجن طبقوں کو حقوق ملے ہیں اُنہیں چھیننے کاہے لیکن حیران کن طورپر کانگریس اس کی اتحادی خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے جس کانہ کوئی پروگرام ہے نہ پالیسی ہے۔اُنہوں نے کہاکہ کانگریس 370کی بحالی، علیحدگی پسندوں کیلئے زمین وسیع کرنے، پتھربازوں کی رہائی اور دہشت گردوں کے تئیں نرم لہجہ اپنائے ہوئے ہے کیونکہ یہ سب نیشنل کانفرنس کے چناوی منشورکاحصہ ہیں جنہیں کانگریس خاموش حمایت دے رہی ہے۔

                اُنہوں نے کہاکہ دہائیوں بعد مغربی پاکستانی مہاجرین، والمیکی اورگورکھاسماج کوحقوق دیئے گئے ہیں لیکن نیشنل کانفرنس یہ حقوق چھیننے کامنصوبہ رکھتی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ والمیکی سماج جسے یہاں شیخ عبداللہ نے صفائی کرمچاری کی حیثیت سے لایااورانہیں دہائیوں تک کوئی حق نہیں دیا۔اُنہوں نے کہاکہ والمیکی سماج کابچہ پی ایچ ڈی کرکے بھی صفائی کاکام کرنے پرمجبورتھا کیونکہ اُس کسی اور ملازمت یاعہدے تک پہنچنے کاحق نہیں دیاگیا۔اُنہوں نے کہاکہ وزیراعظم نریندرمودی کی حکومت آنے کے بعد ان دبے کچلے اورمحرومی کاشکار طبقوں کو حقوق دئے گئے ہیں جنہیں نیشنل کانفرنس آج چھیننے کی بات کررہی ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ ایس سی،ایس ٹی،پہاڑی، گوجر بکروال اوراوبی سی سماج کو ریزرویشن ملی جسے اب نیشنل کانفرنس پھر سے چھیننے کاایجنڈا رکھتی ہے جسے ناکام بنانے کیلئے بھاجپاکوبھاری اکثریت کے ساتھ کامیاب بناناہے۔

                ایڈوکیٹ سنیل سیٹھی نے آج کہاکہ بھارتیہ جنتاپارٹی کاجموں وکشمیرکی تعمیروترقی کاایک ایجنڈاہے،پارٹی کا سنکلپ پتر ہرکسی کے ساتھ انصاف پرمبنی ہے۔اُنہوں نے کہاکہ ایک جامع روڈ میپ کے تحت پارٹی چناوی میدان میں اُتری ہے۔اُنہوں نے بھارتیہ جنتاپارٹی کے سنکلپ پترکے نکات کواُجاگرکرتے ہوئے کہاکہ بزرگ خواتین کو18ہزار روپے سالانہ دیئے جائیں گے۔اوجولایوجناکے تحت 2سلینڈر مفت مہیاکروائے جائیں گے۔بزرگوں،بیواؤں کوپنشن ایک ہزار سے بڑھاکرتین ہزارکی جائے گی۔اُنہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو پانچ لاکھ ملازمتیں دی جائیں گی۔طلباء وطالبات کو لیپ ٹاپ کے ساتھ ساتھ سفری اخراجات دینے کابھی چناوی منشورمیں منصوبہ ہے۔

                انہوں نے کہاکہ کسانوں کو کسان سمان ندھی یوجنا کے تحت چھ ہزار سے 10 ہزارروپے دیئے جائیں گے۔اُنہوں نے عوام دوست اقدامات کاذکرکرتے ہوئے مزیدکہاکہ بجلی کے بل معاف کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیں گے۔زرعی شعبے میں پچاس فیصد بجلی مفت فراہم کی جائیگی۔اُنہوں نے کہاکہ عوام بھارتیہ جنتا پارٹی کے سنکلپ پتر پر بھروسہ کرے اس کی وجہ ہے کیونکہ ہم نے 2014 میں وعدے 95 فیصد پورے کئے اور2024کے سو فیصد وعدے ہم پورا کریں گے۔

                اُنہوں نے کہاکہ یہ چناؤمحبان قوم اور قوم دشمن قوتوں کے درمیان ایک لڑائی ہے جس میں بھارتیہ جنتاپارٹی کاہرکارکن پرجوش ہے اورہم جموں وکشمیر میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی اپنی سرکار بنائیں گے۔اُنہوں نے کہاکہ وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی واضح کیا ہے کہ جموں وکشمیر میں نیشنل کانفرنس کانگریس کی سرکار نہیں بنے گی۔اُنہوں نے کہاکہ بھاجپاسرکارمیں ہی سماج کے ہرطبقے کوانصاف ملے گا۔اُنہوں نے مزیدکہاکہ ایس سی،ایس ٹی سماج کے مسائل حل ہونگے اوران میں ایک دیرینہ مانگ ریزرویشن ان پرموشن کاہے جسے بھارتیہ جنتاپارٹی نے اپنے چناوی منشورمیں شامل کیاہے اور پارٹی اس مسئلے کوحل کرنے کی وعدہ بندہے۔اُنہوں نے کہاہمیں پوری اُمید ہے جموں وکشمیر میں بھارتیہ جنتا پارٹی اپنی سرکار بنائے گی۔