उर्दू

اوقاف کی حفاظت وقت کی اہم ترین ضرورت، وقف ترمیمی بل مسلمانوں کو ناقابل قبول ہے!

مرکز تحفظ اسلام ہند کے زیر اہتمام”تحفظ اوقاف کانفرنس“ کا انعقاد، برادران اسلام سے شرکت کی اپیل!

بنگلور،  : وقف ایک خالص دینی اور مذہبی مسئلہ ہے، جس کا مقصد اللہ کی رضا کے لیے لوگوں کے نفع کی غرض سے اپنی کوئی چیز خاص کردینا ہے۔ وقف کی ابتداء دور نبوی سے ہوتی ہے، اور ان جائیدادوں کا مقصد معاشرے کی فلاح و بہبود ہے، جس کا واحد مالک اللہ ہے۔ ہندوستان میں اسلام کی آمد کے ساتھ ہی مسلمانوں نے اپنی املاک کا وقف قائم کرنا شروع کر دیا تھا۔ مذکورہ خیالات کا اظہار مرکز تحفظ اسلام ہند کے ڈائریکٹر محمد فرقان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے فرمایا کہ ملک میں پھیلی ہوئی وقف جائیدادیں مسلمانوں کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ ہمارے ملک میں وقف جائیدادوں کو ریگولیٹ کرنے کیلئے وقف قانون بنایا گیا تھا، لیکن حکومت اب اس وقف قانون میں ترمیمات کرنا چاہتی ہے۔ جبکہ ان ترمیمات کی شقیں نہ صرف قانون شریعت سے متصادم ہیں بلکہ وقف املاک کے لیے خطرناک بھی ہیں۔ محمد فرقان نے فرمایا کہ دراصل حکومت وقف ترمیمی بل کے ذریعے  وقف جائیدادوں پر قبضے کی راہ ہموار کرنا چاہتی ہے، اسی لئے اس وقف ترمیمی بل میں ”وقف بائے یوزر“ ختم کیا جارہا ہے اور کلکٹر کو یہ اختیار دیا جارہا ہے کہ وہ فیصلہ کرے کہ کون سی جائیداد وقف کی ہے اور کون سی سرکاری ملکیت کی؟ مرکز کے ڈائریکٹر نے فرمایا کہ مسلمانوں کے فائدے کے نام پر لایا جانے والا یہ وقف ترمیمی بل ہر لحاظ سے ان کے حق میں نقصاندہ ہے، اس لئے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ، جمعیۃ علماء ہند سمیت تمام دینی، ملی،سماجی، جماعتوں اور تنظیموں نے اس وقف ترمیمی بل کو مسترد کردینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس بل کو کسی بھی صورت قبول نہیں کیا جائیگا۔اور اس سلسلے میں مختلف قسم کی کوششیں بھی کی جارہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں کوششوں میں سے ایک کوشش یہ کی جارہی ہیکہ وقف ترمیمی بل 2024ء کے نقصانات سے لوگوں کو مختلف طریقوں سے آگاہ کیا جائے اور انکو اس بل کے خلاف بیدار کیا جائے۔ اسی کو پیش نظر رکھتے ہوئے مرکز تحفظ اسلام ہند نے اپنی نگرانی میں عظیم الشان آن لائن ہفت روزہ”تحفظ اوقاف کانفرنس“منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاکہ لوگوں کو وقف کی اہمیت، اسکی فضیلت، اسکی حفاظت اور مجوزہ وقف ترمیم بل 2024ء کے نقصانات سے واقف کرایا جائے۔ محمد فرقان نے تفصیلات بتاتے ہوئے فرمایا کہ اس کانفرنس کا آغاز بتاریخ 23/ ستمبر 2024ء بروز پیر سے ہوگا اور روزانہ رات 9:30 بجے سے مرکز کے آفیشیل یوٹیوب چینل اور فیس بک پیج تحفظ اسلام میڈیا سروس پر براہ راست لائیو نشر کیا جائے گا۔ جس سے ملک کے مختلف اکابر علماء کرام خطاب فرمائیں گے۔ مرکز تحفظ اسلام ہند کے ڈائریکٹر محمد فرقان نے تمام برادران اسلام سے اپیل کیا کہ وہ اس عظیم الشان تحفظ اوقاف کانفرنس میں شامل ہوکر اکابر علماء کرام کے خطابات سے استفادہ حاصل کریں۔ اور وقف ترمیمی بل کے نقصانات سے واقفیت حاصل کرتے ہوئے اس بل کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں، جو اس وقت کی سب سے اہم ترین ضرورت ہے!