उर्दू

شدید سیلاب نے بہار کو اپنی لپیٹ میں لے لیا؛ 16 لاکھ سے زائد افراد متاثر، ایس بی ایف کی امدادی سرگرمیاں جاری

نئی دہلی :  ان دنوں بہار شدید بارشوں کے بعد آنے والے تباہ کن سیلاب کی زد میں ہے،سیلاب نے ریاست کے بڑے حصے کو ڈبو دیا ہے۔ اہم دریاؤں، بشمول کوسی اور بگمتی، نے بالترتیب دربھنگہ اور سیتامڑھی اضلاع میں اپنے کنارے توڑ دیے ہیں، جس سے صورتحال مزید بگڑ گئی ہے۔ ریاست کے کئی دریاؤں میں گزشتہ دو سے تین دنوں کے دوران پانی کی سطح میں اضافہ ہونے کی وجہ سے حکومت نے کئی اضلاع میں سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

متاثرہ اضلاع میں مغربی اور مشرقی چمپارن، سیتامڑھی، شیوہار، مظفرپور، گوپال گنج، سیوان، سارن، ویشالی، پٹنہ، جہان آباد، مدھوبنی، ارریہ، پورنیہ، کٹیہار اور بھوجپور شامل ہیں۔ سرکاری حکام کے مطابق، جاری سیلابی بحران سے 16 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں، جن میں کئی خاندان بے گھر ہو گئے ہیں اور بڑی تعداد میں زرعی زمینیں زیر آب آ چکی ہیں۔

سوسائٹی فار برائٹ فیوچر (SBF) کے نیشنل کو آرڈینیٹر عرفان احمد نے بتایا کہ ہمارے رضاکار فوری طور پر حرکت میں آ گئے ہیں اور متاثرہ اضلاع میں سیلاب میں پھنسے ہوئے لوگوں کو بچانے اور اہم امداد فراہم کرنے کے لیے انتھک محنت کر رہے ہیں، جن میں کھانا، صاف پانی اور طبی امداد شامل ہیں۔ SBF مقامی حکام اور امدادی تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے تاکہ ضروری امداد ان لوگوں تک پہنچ سکے جنہیں اس کی اشد ضرورت ہے۔ایس بی ایف کے امدادی کارکن دن رات کام کر رہے ہیں تاکہ اس آفت کے اثرات کو کم کیا جا سکے اور متاثرہ  لوگوں کی مدد کی جا سکے.
بہار میں جاری امدادی سرگرمیوں میں شاملِ ہونے اور اس قدرتی آفت سے متاثرہ افراد کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لیے عطیہ دینے پر غور کریں۔ عطیہ سے متعلق کسی بھی سوال کے لیے،  سوسائٹی فار برائٹ فیوچر کے اکاؤنٹس ڈیپارٹمنٹ سے 7290044603 پر رابطہ کر سکتے ہیں.