उर्दू

جمعیۃعلما مہاراشٹر (ارشد مدنی) کا انتخابی اجلاس حج ہاؤس،ممبئی میں معمولی شور و غل ہونے کے باوجود کامیابی سے ہمکنار


مولانا حلیم اللہ قاسمی جمعیۃعلما مہاراشٹر کے صدر منتخب
ممبئی , جمعیۃعلما ہند کی ممبر سازی کے اختتام کے بعد تقریباً ایک ماہ سے ریاست مہاراشٹر مقامی /ضلعی /شہری اور زونل جمعیتوں کے انتخابات کا سلسلہ آج حج ہاؤس کے دوسرے منزلہ وسیع ہال میں ریاستی انتخاب پر اختتام پذیر ہوا۔
اس انتخاب میں مفتی سید معصوم ثاقب ناظم عمومی جمعیۃعلما ہند اور مفتی عبد الرازق مظاہری ناظم اعلیٰ جمعیۃعلما صوبہ دہلی نے بطور مشاہد کے شرکت فرمائی،جمعیۃعلما مہاراشٹر کے کارگزار صدر مولانا حافظ مسعود احمد حسامی کی صدارت میں انتخابی اجلاس کا آغاز ہوا۔
تلاوت کلام پاک کے بعدمولانا حلیم اللہ قاسمی (جنرل سکریٹری)نے مطبوعہ سکریٹری رپورٹ کا ابتدائی حصہ پڑھ کر سنایا،جس میں بطور خاص سال گزشتہ جمعیۃعلمایئ مہاراشٹر کے دو عظیم بزرگوں مولانا مستقیم احسن اعظمی سابق صدرجمعیۃعلما مہاراشٹر اور الحاج گلزار احمد اعظمی سابق سکریٹری قانونی امداد کمیٹی کو یاد کیا گیا۔اور ان کے سانحہ وفات کو جمعیۃعلما کا عظیم خسارہ قرار دیا گیا،تاہم اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ جمعیۃعلما کا قافلہ ان دونوں بزرگوں کے سایہ عاطفت سے محروم ہونے کے باوجود بھی ملت اسلامیہ کی خدمت میں حسب دستور سر گرم عمل ہے۔
اس کے بعد مشاہدین میں سے مفتی سید معصوم ثاقب صاحب نے انتخاب کے اصول بتائے اور مجلس منتظمہ کے ارکان سے آئندہ میقات کے لئے تحریر طور پر نام پیش کرنے کی دعوت دی۔ممبران نے جو تحریر پیش کی اس کے مطابق تین نام آئے۔جن میں سے ایک نام کے تعلق سے ناظم عمومی نے یہ صراحت کی کہ جمعیۃعلما کی بنیادی، مذہبی اور سیکولر پالیسی سے یہ نام ہم آہنگ نہیں ہے۔اور ایک نام کی تائید میں محض چندہاتھ اٹھے۔بالآخر مولانا حلیم اللہ قاسمی صاحب کوغالب اکثریت کے ذریعہ اگلی میقات کا صدر منتخب کیا گیا۔اس دوران کچھ لوگوں نے ہلڑ بازی کی،اسٹیج پر چڑھنے اورماحول خراب کرنے کی کوشش کی،جس کو ناکام بنا دیا گیا۔اور مشاہدین نے باضابطہ مولانا حلیم اللہ صاحب کی صدارت کا اعلان کردیا۔
بعد ازاں چار نائبین صدر مولانا محمد عارف عمری (ممبئی و اطراف)،قاری عبد الرشید حمیدی(علاقہ مراٹھوڑہ)،قاری محمد ادریس انصاری(مغربی مہاراشٹر) اور مفتی محمد ہارون ندوی(خاندیش و ودربھ) کا انتخاب عمل میں آیا۔اورمولانا اشتیاق قاسمی خازن اور قاری محمد یونس چودھری معاون خازن منتخب کئے گئے۔
اس انتخابی اجلاس میں ریاست مہاراشٹر کے 34/اضلاع کے اراکین مجلس منتظمہ نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ اس ٹرم میں صوبہ مہاراشٹرکے ارکان مجلس منتظمہ کی تعداددو ہزاردو سو پچہتر ہے،جن میں دس ممبران ایسے ہیں جو بذریعہ کواپٹ منتخب کئے جاتے ہیں۔
مفتی معصوم ثاقب صاحب کی دعا پر یہ انتخابی اجلاس اختتام کو پہونچا۔