اورنگ آباد ,ریاست مہاراشٹر میں “مجلس العلماء” نام کی ایک آرگنائزیشن اتحاد بین المسلمین اور فکری موضوعات پر مذاکرات کا اہتمام کرتی ہے،اس آرگنائزیشن نے اپنے دس سال پورے کرکے ایک کنونشن اورنگ آباد کے حج ہاؤس میں 13 ؍اکتوبر 2024 کو رکھا تھا، جس میں جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے صدر مولانا حلیم اللہ صاحب قاسمی کو مدعو کیا تھا، مولانا موصوف اپنی مشغولیت کی بنا پر اس کنونشن میں شرکت نہیں کر سکے، البتہ جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے نائب صدر مولانا محمد عارف عمری نے پروگرام میں شرکت کرکے ان کی نیابت کی، اور “مساجد کی اہمیت اور اس کے تقاضے” کے موضوع پر خطاب کیا،
اس کنونشن کی صدارت جماعت اسلامی ھند کے امیر جناب سید سعادت اللہ حسینی صاحب نے فرمائ اور اپنے پر مغز صدارتی خطاب میں حالات سے مایوس ہونے اور آہ و فغاں کرنے کی مروجہ عادت کو بدلنے پر زور دیا اور اسلام میں” صبر “کے مفہوم کی وضاحت کرتے ہوئے استقامت اور حالات کو اپنے حق میں بہتر کرنے کی مسلسل کوشش کی تلقین کی اور یہ فرمایا کہ قرآن مجید کی تعلیم میں کہیں بھی مایوسی کا ذکر نہیں ہے بلکہ حوصلہ مندی اور حالات کا مقابلہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے
صبح سے شام تک دو سیشن میں یہ پروگرام شام کو 5 بجے اختتام کو پہنچا
مولانا محمد عارف عمری نے جمعیۃ علماء شہر اورنگ آباد کے دفتر میں بھی حاضری دی اور شہر صدر حافظ عبد العظیم شاہ صاحب، مولانا نصر اللہ حسینی (نائب صدر جمعیۃ علماء مراٹھواڑہ) وغیرہ سے ملاقات کی اور اورنگ آباد میں جمعیۃ علماء کے احوال سے واقفیت حاصل کی۔