उर्दू

اللہ تعالی کے پاس آپ کے لیے بہترین پلان ہے اس پر بھروسہ رکھیں ؛ محمد اقبال‎

آگرہ ۔ مسجد نہر والی کے خطیب محمد اقبال نے آج اپنے خطبہ جمعہ میں یوسف علیہ السلام کے بارے میں نمازیوں کو خطاب کیا ، انھوں نے کہا ، کہ حضرت یوسف علیہ السلام کا پورا واقعہ ایک ہی ساتھ سورہ یوسف میں بیان کیا گیا ہے ،اس میں ذکر ہے کہ یوسف علیہ السلام کو سات سال سے زیادہ قید میں رکھا گیا ، آپ دیکھیں کہ پورے واقعہ میں یوسف علیہ السلام نے کہیں بھی اللہ تعالیٰ سے یہ شکایت نہیں کی ، کہ تو نے مجھے جیل میں ڈال دیا ، یا میرے اوپر عزیز مصر کی بیوی نے الزام لگا دیا وغیرہ ، قید میں بھی یوسف علیہ السلام بلکل پر سکون رہے ، وہاں قیدیوں کو تبلیغ کرتے رہے ، یعنی انھوں نے کوئی شکوہ شکایت اللہ سے نہیں  کی ، جب قید کی مدت ختم ہوئی ، تو اللہ تعالیٰ نے اسی مصر کا ایک پاور فل حکمراں بنا دیا ، سورہ یوسف آیت نمبر۵۴،۵۵،۵۶ میں بیان کیا گیا ہے “ بادشاہ نے ان سے بات کی اور کہا آج سے تم ہمارے قابل اعتماد مقرب ہو یوسف کہنے لگے مجھے زمین کے خزانوں پر مقرر کر دیجیے میں ان کی حفاظت کرنے والا ہوں اور یہ کام جانتا بھی ہوں اس طرح ہم نے یوسف کو اس سر زمین میں اقتدار عطا کیا وہ جہاں چاہتے رہتے ہم جسے چاہیں اپنی رحمت سے نوازتے ہیں اور نیک لوگوں کا اجر ضائع نہیں کرتے “ اب ذرا ہم خود اپنا محاسبہ کرلیں ، کس کس طرح ہم اپنا رونا شکایت کے انداز میں کرتے رہتے ہیں ، جو اللہ یوسف علیہ السلام کے حالات بدل سکتا ہے ، وہ ہمارے حالات کیوں نہیں بدل سکتا ؟ بس ہمیں بھی حالات کے حساب سے “ صبر “ کرنا ہے ، اللہ سبحانہ وتعالی کے پاس ہمارے لیے ایک بہترین منصوبہ ہے ، بس اس پر بھروسہ رکھیں ، اللہ ہمیں اس کی توفیق عطا فرماے، آمین ۔