آگرہ، شعبہ اردو سینٹ جانس کالج کے زیر اہتمام یوم اردو اور یوم تعلیم کے موقع پر پیار اور محبت کی زبان اردو کے حوالے سے، علامہ اقبال اور مولانا ابو الکلام آزاد کے فلسفے اور ان کی تحریر کو نئی نسل تک پہنچانے کے لیے ایک ادبی تقریب کا انعقاد کیا گیا –
اس تقریب میں کالج کے پرنسپل پروفیسر ایس پی سنگھ صاحب نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زبان لوگوں کو جوڑنے کا ایک ذریعہ ہے انسان کو اپنی ذہنی لیاقت کو بڑھانے کے لیے زبانوں پر عبور حاصل ہونا چاہیے- ساتھ ہی آپ نے طلباء کو مستقبل کے حوالے سے قیمتی نصیحتوں اور دعاؤں سے بھی نوازا –
شعبہ کی استاد ڈاکٹر سعدیہ سلیم نے کہا کہ اردو زبان ایک مکمل تہذیب، سماجی وقار کا آئینہ اور حسن و بیان کا لہریں مارتا ہوا وہ سمندر ہے جس کا نظارہ کل بھی خوبصورت تھا آج بھی خوبصورت ہے اور مستقبل میں بھی رہے گا، ان شاءاللہ – اردو زبان ہندوستان کی مٹی میں پیدا ہو کر یہیں پلنے بڑھنے والی زبان ہے یہ وہ زبان ہے جو دلوں کو جوڑتی ہے، لوگوں کو محبت کرنا سکھاتی ہے، فکر کو وسعت بخشتی ہے – علامہ اقبال اور مولانا ابو الکلام آزاد اسی زبان کے نامور شاعر و ادیب تھے –
کالج کے طلباء نے اردو زبان کی اہمیت ، علامہ اقبال اور مولونا ابو الکلام آزاد کی شخصیت اور کلام پر اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا – پروگرام کا آغاز دعا سے انعم نے کیا ۔ قومی ترانہ سارے جہاں سے اچھا ہندوستاں ہمارا علماء نے پڑھا – کالج کے طلباء ارم، فرحین، وقار، ابرا، ایمن، راحل، عالماء ، اریبہ رئیس، فیضان،سمیر وغیرہ نے موضوع کے حوالے سے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا -پروگرام کی نظامت عالمہ نے کی- آخر میں شعبہ کی استاد دانشہ صاحبہ نے اظہار تشکر پیش کیا-
کالج کے سابقہ طلباء محمد نوید، محمد حارث، عابدہ اور آفرین نے بھی اس پروگرام میں شرکت کی – پروگرام بہت ہی کامیاب رہا اور اس کی کامیابی کا راز وہ نوجوان نسل تھی جس نے بڑھ چڑھ کر اس پروگرام میں حصہ لیا اور پروگرام کو کامیاب بنایا…