بھاگلپور: آر ایس کالج، تارا پور میں منعقدہ دو روزہ “کثیر المقاصد قومی سیمینار” کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ سیمینار کے دوسرے دن کے پہلے سیشن میں تحقیقی مقالے آن لائن اور آف لائن دونوں طریقوں سے پیش کیے گئے۔ سیمینار کا عنوان تھا: “ابھرتے ہوئے رجحانات اور تحقیق و ترقی میں جدت کے عالمی مسائل کی کھوج”۔
آن لائن پریزنٹیشن میں ڈاکٹر آرادھنا شکلا (تاراپور کالج) نے پیش کی، جبکہ آف لائن سیشن کی صدارت ڈاکٹر ادئے شنکر داس نے کی۔ ریسرچ اسکالرز بشمول پروفیسر نیرج کمار، پروفیسر پورنیما گپتا، اور ڈاکٹر سبیتا کماری نے اپنے مقالےاور پاور پوائنٹ پریزنٹیشنز کے ذریعے سامعین کو متاثر کیا۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے آئی سی ایس آر ڈی کے ڈائریکٹر، ڈاکٹر این کمار نے موجودہ دور میں اختراعات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے بعد کے دور میں آن لائن میڈیم نے نہ صرف تعلیم بلکہ دیگر شعبوں میں بھی کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ تحقیق کی نئی جہات تلاش کرنے کے لیے جدت طرازی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
پرنسپل نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ ہماری زندگیوں کو آسان اور بہتر بنانے کے لیے اختراع بنیادی حیثیت رکھتی ہے، جو تحقیق کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ آرگنائزر سکریٹری پروفیسر پورنیما گپتا نے کہا کہ جدت انسانی زندگی کے ارتقا کا بنیادی حصہ ہے۔ شعبہ ہندی کے سربراہ، ڈاکٹر اشونی کمار اوجھا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی میں جدت نے ہماری زندگیوں کو کس طرح بدل کر رکھ دیا ہے۔
پروگرام کے کوآرڈینیٹر پروفیسر وسنت کمار سنگھ اور دیگر اساتذہ، جن میں ڈاکٹر جسیم رضا، ڈاکٹر ششی شیکھر سمن، ڈاکٹر سنتوش کمار، ڈاکٹر آلوک کمار، ڈاکٹر نیلو اگروال اور ڈاکٹر اجے کمار شامل تھے جنہوں نے سیمینار کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ مختلف یونیورسٹیوں کے ریسرچ اسکالرز نے سیمینار میں فعال شرکت کی۔
سیمینار کے اختتامی سیشن میں مہمانوں اور شرکاء کو یادگاری نشانات، میڈلز، اور سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔ شکریہ کی تقریب سیمینار کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر ادئے شنکر داس کے اظہار تشکر پر ختم ہوئی۔
واضح رہے کہ دو روزہ سیمینار کا افتتاح مونگیر یونیورسٹی کے ڈین، اسٹوڈنٹ ویلفیئر پروفیسر ڈاکٹر بھویش چند پانڈے نے کیا تھا۔ اس موقع پر جے آر ایس کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر دیوراج سمن، بی آر ایم کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر اجیت کمار ٹھاکر، مونگیر یونیورسٹی پی جی ڈپارٹمنٹ آف اردو کے صدر پروفیسر ڈاکٹر شاہد رضا جمال، اور تلکامانجھی بھاگلپور یونیورسٹی کے ڈین سائنس پروفیسر ڈاکٹر ونود کمار بھی موجود تھے۔
سیمینار ہذا تحقیق اور جدت کے میدان میں اہم پیش رفت کے مواقع فراہم کرنے میں کامیاب رہا۔