उर्दू

دہلی اردو اکیڈمی کا ایوارڈ اشرف علی بستوی کیکتاب “کارپوریٹ میڈیا – ایک جائزہ” کو تفویض

نئی دہلی : دہلی اردو اکیڈمی کی جانب سے آج دہلی سکریٹریٹ میں ایک پُروقار ایوارڈ تقسیم پروگرام منعقد ہوا، جہاں دہلی کے وزیر خوراک و رسد عمران حسین نے صحافی اشرف علی بستوی کو ان کی کتاب “کارپوریٹ میڈیا – ایک جائزہ” کے لیے ایوارڈ سے نوازا۔

یہ کتاب قومی اور بین الاقوامی میڈیا کے پچھلے ایک دہائی کے غیر منصفانہ رویے کی عکاس ہے اور ملت اسلامیہ ہند کو میڈیا کی اہمیت و افادیت کا ادراک کرانے کی ایک مؤثر کوشش ہے۔ کتاب میں اس بات کا جائزہ لیا گیا ہے کہ میڈیا کی زیادتیوں کے خلاف معاشرتی رویہ، خصوصاً مسلم معاشرے کا، کیسا رہا ہے۔ دینی حلقوں میں میڈیا کے پیشے کو مکمل اعتبار نہ حاصل ہونے اور عالمی سطح پر کارپوریٹ میڈیا کی چالبازیوں کو بے نقاب کرنے کی یہ ایک اہم دستاویز ہے۔

مصنف نے اس کتاب میں انسانی معاشرے پر کارپوریٹ میڈیا کے مضر اثرات کو اجاگر کرتے ہوئے میڈیا کی طاقت کو جم موریسن کے الفاظ میں یوں بیان کیا ہے: “جو میڈیا کو کنٹرول کرتا ہے، ذہنوں پر اسی کا راج ہوتا ہے۔”

اشرف علی بستوی دہلی میں مقیم ایک کہنہ مشق صحافی، قلم کار، تجزیہ نگار، اور مترجم ہیں۔ وہ ملک و بیرون ملک کے معروف اخبارات و رسائل جیسے راشٹریہ سہارا، دینک جاگرن، سہ روزہ دعوت، اردو ٹائمز نیویارک، دور درشن، اور آل انڈیا ریڈیو میں اہم ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔
اشرف بستوی فی الحال “ایشیا ٹائمز” کے چیف ایڈیٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، جسے وہ پچھلے
دس سال سے کامیابی کے ساتھ چلا رہے ہیں۔