آگرہ۔ ضلع صدر ارون شرما اور شہر صدر امت سنگھ کی قیادت میں آگرہ کے کانگریسی کارکنوں نے ضلع کلیکٹریٹ میں ضلعی مجسٹریٹ کو ایک یادداشت پیش کی، جس میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی جانب سے بھارت رتن ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر پر دی گئی قابل اعتراض اور توہین آمیز تبصرے پر احتجاج درج کرایا۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ منگل کو پارلیمنٹ میں امت شاہ نے آئین کے معمار ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے خلاف قابل اعتراض اور توہین آمیز تبصرہ کیا تھا، جس کی مخالفت میں آج کانگریسی کارکنوں نے کلیکٹریٹ پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے یادداشت پیش کی۔ یادداشت میں کہا گیا کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کا بابا صاحب پر دیا گیا بیان انتہائی قابل مذمت ہے، اور انہیں اس کے لیے معافی مانگنی چاہیے۔ اگر وہ معافی نہیں مانگتے تو انہیں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دینا چاہیے۔
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کانگریس کے ضلعی صدر ارون شرما نے کہا کہ دلتوں اور دیگر محروم طبقوں کے لیے بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر ہی سب کچھ ہیں۔ ان کی وجہ سے ان طبقات کو حقوق ملے ہیں، اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بابا صاحب کے خلاف بیان دے کر اپنی چھوٹی ذہنیت کا مظاہرہ کیا ہے۔
معلوم ہوکہ بروز 19/12/24 کو پارلیمنٹ میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے قابل احترام بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی توہین کی تھی، جس کے سلسلے میں کانگریس کے تمام کارکنوں نے ضلعی مجسٹریٹ کو یادداشت پیش کی۔ کانگریسی کارکنوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر داخلہ امت شاہ معافی مانگیں اور اپنے عہدے سے استعفیٰ دیں۔
میمورنڈم پیش کرنے والوں میں صوبائی ترجمان انیل شرما، دھرم ویر شرما، پرمود مشرا، سچن چودھری، انوج شیوہارے، سچن رشی، طاہر حسین، اظہر بارسی، راجیو گپتا، گیتا سنگھ، بشیر الحق راکی، اشونی بٹو، وکاس ماہور، عارف بارسی، اور دیگر کانگریسی رہنما و کارکنان شامل تھے۔