آگرہ: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے آئین ساز ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر پر دیے گئے بیان کے خلاف اس وقت ملک بھر میں اپوزیشن احتجاج کر رہا ہے۔ اسی سلسلے میں سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو کی ہدایت پر آگرہ میں بھی سماجوادی پارٹی کے کارکنان اور عہدیداران نے ضلع ہیڈکوارٹر پر زور دار احتجاج کیا۔
سبھاش پارک پر جمع ہوئے سماجوادی پارٹی کے کارکنان اور عہدیداران نے بابا صاحب کے بینرز اور پوسٹرز ہاتھوں میں لے کر پہلے ضلع ہیڈکوارٹر تک پیدل مارچ کیا اور پھر ضلع مجسٹریٹ کے دفتر کے باہر کافی دیر تک نعرے بازی کرتے ہوئے احتجاج کیا۔
سماجوادی پارٹی کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بابا صاحب دلتوں اور پسماندہ طبقات کے مسیحا ہیں، اور جس طرح وزیر داخلہ جیسے اہم عہدے پر بیٹھے امت شاہ نے ان کے بارے میں جو بیان دیا ہے، وہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ اس کے پیش نظر امت شاہ کو استعفیٰ دینا چاہیے اور بھارتیہ جنتا پارٹی کو انہیں پارٹی سے باہر نکال دینا چاہیے۔
سماجوادی رہنماؤں اور کارکنان کا کہنا تھا کہ وہ بابا صاحب کی بے عزتی کسی بھی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ کافی عرصے بعد سماجوادی پارٹی کسی مسئلے پر سڑکوں پر نظر آئی، لیکن جس طرح حکومت نے اپوزیشن کو یہ مسئلہ دیا ہے، سمجھا جا رہا ہے کہ اپوزیشن آنے والے دنوں میں اس مسئلے کو مزید شدت سے اٹھائے گی اور اس کا سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے گی۔
یادداشت پیش کرنے والوں میں شہر صدر چودھری واجد نسار، ضلع صدر شری کرشن ورما، ایم پی رام جی لال سمن، دیارام پرجاپتی، سورندر چودھری، ٹھاکر ویرندر چوہان، ممتا ٹپلُو، سپا رہنما شیام بھوجوانی، نتن کوہلی، راہل چترویدی، مکی اروڑا، راج پال یادو، پون پرجاپتی، امیر سنگھ فوجداری، راکیش اگروال، رنکو دیکشت، چودھری وید پرکاش، حفیظ میو، گووند ورما، انیل چوہان، مونو خان، راجو تلک دھاری، نیتراپال، منا بھائی، انور راجا، پورن راٹھور سمیت ہزاروں سپائی شامل تھے۔