उर्दू

مسلم ایجوکیشن ٹرسٹ کی تشکیل نو: ڈاکٹر ذکیکرمانی نئے چیئرمین منتخب

نئی دہلی:  مسلم ایجوکیشن ٹرسٹ (ایم ای ٹی)، جو ہندوستان میں معاشی طور پر کمزور مگر ذہین طلبہ کو اسکالرشپ اور مالی تعاون فراہم کرنے کے لیے معروف ہے، کی تشکیل نو عمل میں آئی ہے۔ ٹرسٹ کے آفس واقع ای 3، ابوالفضل انکلیو، جامعہ نگر میں ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی۔ اس میٹنگ میں معروف مصنف اور دانشور ڈاکٹر ذکی کرمانی علی گڑھ کو متفقہ طور پر ایم ای ٹی کا چیئرمین منتخب کیا گیا۔

اس موقع پر دیگر اہم عہدوں پر بھی تقرریاں کی گئیں، جن میں طارق اکرام اللہ کو جنرل سکریٹری اور پروفیسر بلال شیٹھ احمد آباد کو خازن مقرر کیا گیا۔ مزید برآں، نئے ٹرسٹیز میں ڈاکٹر محمد مصطفی (کیرالا)، کاظم ملک (ممبئی)، اور حافظ رفیق رشید (حیدرآباد) شامل کیے گئے۔

1983 میں قائم ہونے والا یہ ٹرسٹ چار دہائیوں سے ملک کے کونے کونے میں ہزاروں غریب اور مستحق طلبہ کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے میں مدد فراہم کرتا آ رہا ہے۔ ایم ای ٹی کا فعال نیٹ ورک ملک کی تقریباً تمام ریاستوں میں موجود ہے، جو مستحق طلبہ کے انتخاب کو یقینی بناتا ہے۔

ٹرسٹ کی نئی ٹیم کے انتخاب پر امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ وہ بہتر منصوبہ بندی اور نئے عزائم کے ساتھ اپنی خدمات جاری رکھے گی۔ ٹرسٹ کی سرگرمیوں میں وسعت اور نئی جہات شامل کرنے کی توقع بھی کی جا رہی ہے تاکہ امت کے بچوں کی تعلیم و تربیت مزید منظم انداز میں کی جا سکے۔

یہ تبدیلی ٹرسٹ کے روشن مستقبل کی ضمانت سمجھی جا رہی ہے اور یہ توقع کی جا رہی ہے کہ ایم ای ٹی ہندوستان بھر میں اپنے مقاصد کو مزید مؤثر طریقے سے حاصل کرے گا۔