उर्दू

مسلم سنگٹھن پنجاب نے کی کسانوں کی پنجاب بند کی حمایت کا اعلان

کسان ہندوستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں: نعیم خان

جالندھر، 29 دسمبر (مظہر) مسلم سنگٹھن پنجاب کے پردھان نعیم خان ایڈووکیٹ کی صدارت میں ایک میٹنگ مسلم کالونی میں منعقد ہوئی جس میں سنگٹھن نے کسان بھائیوں کی جانب سے کل پنجاب بند کی کال کی مکمل حمایت کی۔
نعیم خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ مرکزی حکومت نے کسانوں کے ساتھ دھوکہ کیا ہے لیکن یہ دھوکہ صرف کسانوں کے ساتھ نہیں بلکہ پورے ہندوستان کے لوگوں کے ساتھ ہوا ہے۔ کیونکہ کسان ہندوستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، اگر ہندوستان کو عالمی لیڈر بننا ہے تو کسانوں کے مطالبات کو فوری طور پر ماننا ہوگا۔
نعیم خان نے کہا کہ کسان رہنما جگجیت سنگھ ڈلےوال صاحب ایک ماہ سے زائد عرصے سے بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہیں لیکن حکومتوں کا ان کے ساتھ رویہ انتہائی افسوسناک ہے۔
نعیم خان نے کہا کہ مسلم سنگٹھن پنجاب کسانوں کی طرف سے کل کی دی گئی بند کی کال کی مکمل حمایت کرتی ہے اور پنجاب کے مسلم بھائیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے تمام کاروبار بند کر کے کسانوں کا ساتھ دیں۔ یہ مدد کسانوں کی نہیں بلکہ ہر ہندوستانی کی ہوگی۔
میٹنگ میں سنگٹھن کے سرپرست جناب عبدالخان صاحب، نائب صدر سرفراز خان، محمد سکندر یووا پردھان، نوشاد عالم ممبر، علی و دیگران موجود تھے۔