उर्दू

سابق کابینی وزیر ڈاکٹر معراج الدین کا انتقال بڑا خسارہ: وسیم حیدر

لکھنؤ: راشٹریہ لوک دل اترپردیش کے نائب صدر وسیم حیدر نے مشہور ومعروف سیاسی وسماجی رہنما اور اترپردیش کابینہ میں وزیر رہ چکے ڈاکٹر معراج الدین احمد کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا۔ وسیم حیدر نے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ڈاکٹر معراج الدین ایک ایماندار اور نہایت شریف باخلاق انسان تھے، اترپردیش کی سیاست پر ان کی گہری نظر رہتی تھی وہ قوم کے سچے ہمدرد اور غریبوں وبےسہاروں کی فکر کرنے والوں میں تھے، ان کی صلاحیت اور شرافت کو دیکھتے ہوئے بغیر کسی ہاؤس کے ممبر رہتے ہوئے راشٹریہ لوک دل کے قومی صدر آنجہانی چودھری اجیت سنگھ نے وزیر اعلیٰ جناب ملائم سنگھ یادو کی حکومت میں اپنے سیاسی کوٹے سے انھیں اترپردیش کا کابینی وزیر بنایاتھا۔ مرحوم کا مغربی اترپردیش کی سیاست پر کافی گہرا اثر تھا، ان کا تعلق ایسے گھرانے سے تھا جو خاندانی طور پر خوش حال اور تعلیم یافتہ کے ساتھ ساتھ شرافت میں مشہور تھا خود  ڈاکٹر صاحب اسکی ایک زندہ مثال تھے۔ مرحوم نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی، آن کی گفتگو ایسی رہتی تھی کہ وہ بات کرتے تھے تو لگتا تھا کہ واقعی کوئی اردوداں بات کر رہا ہے، اردو سے ان کا کافی گہرا تعلق تھا وہ اردو کے پروگراموں میں برابر شریک ہوتے تھے مشاعروں سے ان کی خاص دلچسپی تھی، مغربی اترپردیش کی ادبی محفلوں کی جان ہوا کرتے تھے، ان کے انتقال سے سیاسی وسماجی طور پر جو نقصان ہوا ہے ساتھ ساتھ اردو ادب کا بڑا نقصان  ہے یقیناً ان کے اچانک انتقال سے جو خلا پیدا ہوا ہے اس کی بھرپائی جلد ہوپانا مشکل ہے، میرا مرحوم سے دیرینہ تعلق تھا جس کی بنا پر مجھے زاتی طور پر کافی افسوس ہوا ہے، وسیم حیدر نے مرحوم کے گھر والوں سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور گھر والوں کو صبر جمیل عطا کی دعا کی ہے۔